سرینگر// لبریشن فرنٹ نے‘پاکستانی زیرانتظام کشمیر کے سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعلان کردہ احتجاجی پروگرام جو ۲۷ ؍ اکتوبر ۲۰۱۷ء کو سابقہ دیوار برلن جرمنی کے مقام پر ہورہا ہے کی مکمل حمایت کا فیصلہ کیا ہے ۔ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے اس ضمن میں جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستانی زیر انتظام کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے انہیں فون کیا اور مجوزہ احتجاجی پروگرام جو سابقہ دیوار برلن واقع جرمنی کے مقام پر منعقد ہونے والا ہے‘ کے ضمن میں تفصیلات دیں ۔بیرسٹر نے چیئرمین لبریشن فرنٹ سے اس پروگرام کی حمایت اور اس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ اس مجوزہ پروگرام کی علامتی افادیت و اہمیت کے پیش نظر اور دیوار برلن و کشمیریوں کو منقسم کرنے والی خونی سرخ لکیر میں مماثلت کے پیش نظر‘ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے اس پروگرام کی مکمل حمایت کا فیصلہ کیا ہے ۔ فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ کہ ایک زندہ و جاوید قوم و ملت کو ایک مصنوعی خونی سرخ مج لکیر کھینچ کر تقسیم کردیا گیا ہے۔ اس خونی لکیر نے جہاں خاندانوںکو تقسیم کیا ہے وہیں پر بھائی اور بہنوں،مائوں اور انکے بچوں کے درمیان بھی ایک خلیج بنا ڈالی ہے۔ یاسین ملک نے کہا کہ ان سبھی پہلوئوں کے پیش نظر سابق وزیرا عظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا مجوزہ احتجاجی پروگرام علامتی اعتبار سے انتہائی اہم ہے اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کو اس پروگرام میں بڑ ھ چڑھ کر حصہ لے کراسے کامیاب بنا نا چاہئے۔