سرینگر// وزیراعظم مودی اورمرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کیساتھ تبادلہ خیال کیلئے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی آج سنیچرکونئی دہلی روانہ ہورہی ہیں ۔حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ ان ملاقاتوں کے دوران مرکزکی مذاکراتی پہل، مذاکرات کارکی پیش کردہ اولین رپورٹ اور انکے اگلے دورہ کے بارے میں اہم صلح مشورہ کیا جائیگا۔ محبوبہ مفتی کی یہ کوشش ہے کہ مذاکراتکار دنیشور شرما کے دوسرے دورہ سرینگرسے قبل حریت لیڈروں کوشاملِ مذاکرات ہونے کی ترغیب دینے کیلئے مرکزی سرکاراپنی جانب سے کچھ مصالحانہ یامفاہمانہ اقدامات روبہ عمل لائے تاکہ مذاکرات کایہ نیاعمل کارآمدثابت ہونے کے ساتھ ساتھ نتیجہ خیزبھی بن سکے ۔وزیراعظم اورمرکزی وزیرداخلہ کیساتھ موصوفہ کی ملاقاتوں کے دوران کشمیروادی کی تازہ سیکورٹی اورسیاسی صورتحال کاخاص طورپراحاطہ کیاجائیگاجبکہ ان ملاقاتوں کے دوران مرکزکی جانب سے جموں وکشمیرکے برائے میں مذاکرات کارکی نامزدگی اورمذکورہ مذاکرات کاردنیشورشرماکے حالیہ دورہ سرینگراورجموں کے دوران مذاکرات کی سطح پرہوئی پہل کابھی جائزہ لیاجائیگا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ بدھ کو حکومتی کور کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی تھی جس میں دنیشور شرما کی عبوری رپورٹ زیر بحث آئی تھی۔بائورکیاجاتاہے کہ حریت لیڈروں کومذاکراتی عمل میں شامل کرنے کامعاملہ بھی ان ملاقاتوں کے دوران زیرغورلایاجائیگا۔پی ڈی پی لیڈرکا کہنا ہے کہ مرکزی سرکارکو بات چیت کا مقصدپانے کیلئے اپنی جانب سے کچھ ایسے اقدامات اُٹھانے ہونگے جن سے حریت قیادت کااعتمادبحال ہوجائے ،اوروہ بھی مذاکرات کی راہ اپنانے پرتیارہوں ۔