یو این آئی
نئی دہلی// دہلی کے کابینہ کی وزیر آتشی نے منگل کو واضح کیا کہ اتر پردیش کے منڈولا میں پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ ( پی جی سی آئی ایل ) کے ایک سب اسٹیشن میں آگ لگنے کی وجہ سے کئی علاقوں میں لاک ڈاؤن ہے، جس کے سبب قومی دارالحکومت دہلی میں منگل کو بجلی کی زبردست کٹوتی ہوئی بجلی گرڈ میں آگ لگنے کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آتشی نے کہا کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہیں ہونا چاہئے، اسلئے وہ مرکزی وزیر توانائی اور پی جی سی آئی ایل کے چیئرمین سے اس مسئلہ پر بات چیت کریں گی۔ آتشی نے انسٹاگرام پر لکھا ’’دہلی کے کئی علاقوں میں دوپہرسے بجلی بند ہے۔ یہ اتر پردیش کے منڈولا میں پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ ( پی جی سی آئی ایل ) کے سب اسٹیشن میں آگ لگنے کی وجہ سے ہوا ہے‘‘۔دہلی کی وزیر نے کہا’’منڈولا سب اسٹیشن سے دہلی کو 1200 میگاواٹ بجلی ملتی ہے اور اس وجہ سے دہلی کے کئی حصے متاثر ہوئے ہیں‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بحالی کا عمل شروع ہو چکا ہے لیکن نیشنل پاور گرڈ میں یہ بڑی خرابی انتہائی تشویشناک ہے۔ آتشی نے کہا ’’میں مرکزی وزیر توانائی اور پی جی سی آئی ایل کے چیٔرمین سے ملاقات کا وقت مانگ رہی ہوں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ایسی صورت حال دوبارہ نہ ہو‘‘۔