یو این آئی
نئی دہلی//قومی دارالحکومت دہلی میں جاری سخت گرمی کے درمیان منگل کی رات 1969 کے بعد جون کی گرم ترین رات تھی۔ہندوستانی محکمہ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔صفدرجنگ ویدر اسٹیشن پر کل رات صفدرجنگ میں درجہ حرارت 35.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ گزشتہ 55 برسوں میں سب سے زیادہ ہے، جبکہ اس سے پہلے کا ریکارڈ 34.7ڈگری سیلسیس تھا۔ ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر کی وجہ سے 21 جون تک دہلی، پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش سمیت ملک کے شمالی حصوں میں چلچلاتی گرمی سے کچھ راحت ملنے کے امکانات ہیں۔آئی ایم ڈی کے مطابق آنے والے دنوں میں شہر کے درجہ حرارت میں 1-2 ڈگری سیلسیس کی کمی متوقع ہے۔ اس کے باوجود اگلے چند دنوں تک ریاست بھر میں رات کے وقت موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ویسٹرن ڈسٹربنس کے زیر اثر خطے میں ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔آئی ایم ڈی کے ذرائع نے بتایا “اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اتر پردیش کے علاوہ شمالی ہندوستان کے بہت سے حصوں میں گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے اور بعد میں گرمی کی لہر سے بتدریج راحت کی بھی توقع ہے۔”جموں ڈویژن، ہماچل پردیش، جنوبی اتراکھنڈ، پنجاب، بہار، جھارکھنڈ اور اڈیشہ کے مختلف علاقوں میں آج گرمی کی لہر کے امکانات ہیں۔ اس کے علاوہ ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں بھی آج سے 23 جون تک بدستور گرم لہر جاری رہنے کا امکان ہے ۔ مشرقی اتر پردیش، شمالی راجستھان کے کچھ حصوں میں آج تک اور کل تک پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی اور مغربی اتر پردیش میں زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے رات کو موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
سخت گرمی سے پیدا ہونے والی صورتحال | ہسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک یونٹ شروع کرنے کا پروگرام
یو این آئی
نئی دہلی// مرکزی وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود جگت پرکاش نڈا نے تمام مرکزی ہسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک یونٹ شروع کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ نڈا نے بدھ کو یہاں شدید گرمی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے یہ ہدایات دیں۔مرکزی وزیر صحت نے کہا کہ مرکزی حکومت کے تمام اسپتالوں میں خصوصی ہیٹ اسٹروک یونٹس شروع کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسپتالوں میں شدید گرمی کے متاثرین کے علاج ومعالجے کے تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔