رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ سب ڈسٹرکٹ کو ضلع کا درجہ نہ دئیے جانے پر عوام میں شدید ناراضگی اور مایوسی پائی جا رہی ہے۔ سناتن دھرم سبھا کے صدرجگدیش چندر سہانی نے سنیچر کے روز حکومت کو خبردار کیا کہ اگر نوشہرہ کو جلد از جلد ضلع کا درجہ نہ دیا گیا تو عوام سڑکوں پر اترنے پر مجبور ہو جائیں گے۔جگدیش چندر سہانی نے کہا کہ نوشہرہ کو سب ڈسٹرکٹ کا درجہ 1968 میں دیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے یہاں کے عوام نوشہرہ کو ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں، لیکن کسی بھی حکومت نے ان کی اس برسوں پرانی مانگ پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ محرومی ایک بڑی سیاسی سازش کا نتیجہ ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ اس وقت کی ریاستی حکومت نے نوشہرہ کو ضلع کا درجہ دیا تھا، اور تین مہینے تک ڈپٹی کمشنر نے نوشہرہ میں کام بھی کیا تھا لیکن راتوں رات اس فیصلہ کو واپس لے کر راجوری کو ضلع بنا دیا گیا اور نوشہرہ کو صرف سب ڈسٹرکٹ قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ اس وقت کے حکمرانوں کی جانب سے نوشہرہ کے ہزاروں عوام کے ساتھ کی گئی ایک بڑی بے انصافی تھی، جس کا خمیازہ آج تک یہاں کے لوگ بھگت رہے ہیں۔جگدیش چندر سہانی نے کہا کہ نوشہرہ ایک وسیع علاقہ ہے، جس کی سرحدیں راجوری کے چنگس، کالا کوٹ کے گرن، سندر بنی کے سیوٹ، اور پیر بڈیسر تک پھیلی ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے کے ہزاروں لوگ مختلف سرکاری کاموں کے لئے کئی دہائیوں سے راجوری جانے پر مجبور ہیں۔ اس سے نہ صرف عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ ان کے قیمتی وقت اور وسائل کا بھی ضیاع ہوتا ہے۔جگدیش چندر سہانی نے گورنر اور وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ نوشہرہ کی عوام کی فلاح و بہبود اور ان کی دیرینہ مانگ کو دھیان میں رکھتے ہوئے فوری طور پر نوشہرہ کو ضلع کا درجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نوشہرہ کی عوام دہائیوں سے اپنے حق کے لئے آواز بلند کر رہی ہے، لیکن ان کی مانگ کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ مطالبہ صرف ایک انتظامی فیصلہ نہیں، بلکہ یہاں کے عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کا ایک اہم قدم ہوگا۔جگدیش چندر سہانی نے واضح کیا کہ اگر نوشہرہ کو جلد از جلد ضلع کا درجہ نہ دیا گیا تو عوام کی حمایت سے ایک بڑی تحریک شروع کی جائے گی اور لوگ مجبوراً سڑکوں پر اتر آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ’’ہم اپنی مانگ کو کسی بھی صورت میں دبنے نہیں دیں گے اور حکومت کو عوام کی آواز سننی پڑے گی‘‘۔موصوف کیساتھ ساتھ مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن کو جلدازجلد ضلع کا درجہ دیا جائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانیاں ختم ہو سکیں ۔