جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر سب ڈویژن کے دھیرہ چھترال علاقے میں اگست 2025 میں شدید بارشوں اور فلیش فلڈ کے دوران بری طرح تباہ ہوا فٹ برج تاحال کھنڈر نما حالت میں پڑا ہے، جس کی وجہ سے متعدد دیہات کے درمیان رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔ عوام نے محکمہ تعمیرات عامہ (R&B) اور انتظامیہ کی غفلت پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔یہ پل چھترال، دھیرہ، چک بنولہ، قصبہ اور کالا بن جیسے قریبی دیہات کو جوڑنے والا ایک اہم رابطہ ذریعہ ہے، جس کے ذریعے روزانہ درجنوں طلباء ، مریض، کسان اور عام شہری آمدورفت کرتے تھے۔ پل کے گرنے سے ان علاقوں کے لوگوں کو نہ صرف لمبے راستے اختیار کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے بلکہ انہیں خطرناک پہاڑی راستوں سے گزرنے کا بھی سامنا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق محکمہ آر اینڈ بی نے حال ہی میں اس پل کی مرمت کے لئے ٹینڈر جاری کیا تھا اور ایک مقامی ٹھیکیدار کو کام الاٹ بھی کیا جاچکا ہے، مگر حیرت انگیز طور پر کئی ہفتے گزرنے کے باوجود کام کا آغاز نہیں کیا گیا۔مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے ٹھیکیدار سے جلد از جلد کام شروع کرنے کی درخواست کی تو اس نے نہ صرف انکار کیا بلکہ ان کے ساتھ بدسلوکی بھی کی۔ لوگوں نے الزام لگایا کہ محکمہ کے بعض اہلکار بھی اس تاخیر میں ملوث ہیں، جس سے عوامی ناراضگی مزید بڑھ گئی ہے۔ایک مقامی شخص نے بتایاکہ ’انتظامیہ کو اس معاملے کا فوری نوٹس لینا چاہیے، یہ پل ہماری زندگی کی شاہ رگ ہے۔ اسکول کے بچے، مریض اور کسان روزانہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔‘‘دیہی آبادی کا کہنا ہے کہ اگر بروقت مرمت نہ کی گئی تو موسمِ سرما میں مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھیکیدار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور محکمہ آر اینڈ بی کو ہدایت دی جائے کہ وہ بحالی کے کام کی باقاعدہ نگرانی کرے تاکہ جلد از جلد پل کو بحال کیا جاسکے۔لوگوں نے متنبہ کیا کہ اگر انتظامیہ نے فوری اقدامات نہ کئے تو وہ اجتماعی طور پر احتجاجی مظاہرے شروع کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔دوسری جانب، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات عامہ کی خاموشی یہ ظاہر کرتی ہے کہ یا تو انہیں زمینی صورتحال کا علم نہیں یا پھر وہ دانستہ طور پر معاملے کو نظرانداز کر رہے ہیں۔مقامی سرپنچوں اور سماجی کارکنان نے بھی ضلعی ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم عوامی مسئلے کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور محکمانہ لاپرواہی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔علاقے کے لوگ اب اس امید میں ہیں کہ انتظامیہ فوری طور پر حرکت میں آئے اور دھیرہ چھترال فٹ برج کی بحالی کا کام سردیوں کے آغاز سے قبل مکمل کرائے تاکہ روزمرہ زندگی معمول پر آسکے۔