بڈگام//سیکرٹری پی ایچ ای، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول نے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ڈاکٹر سید سحرش اصغر کے ہمرا ہ پیر باغ میں دریائے دودھ گنگا کی ڈائیورشن چینل کا معاینہ کیا اور وہاں امکانی ڈریجنگ کے عمل کا جائزہ لیا تا کہ چینل میں پانی سمانے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکے۔10 کلو میٹر لمبی یہ فلڈ چینل ماچھوا باغِ مہتاب سے شروع ہوکر مختلف علاقوں سے گذرتے ہوئے بڑی فلڈ سپل چینل کے ساتھ شہر کے مضافات میں مل جاتی ہے۔سیکرٹری نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ڈائیورشن چینل کی ڈریجنگ کرنے سے متعلق تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ سات دن کے اندر تیار کریں تا کہ اس پر جلد از جلد کام شروع کیا جاسکے۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ڈی پی آر تیار کرتے وقت محکمہ مال کے افسروں کو بھی اعتماد میں لیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ چینل سرینگر اور بڈگام اضلاع سے گذرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مِل کر ڈی پی آر تیار کرنے سے کسی بھی تضاد کو ٹالا جاسکتا ہے۔