عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//محکمہ زراعت کشمیر نے کل اِنڈیا اِنٹرنیشنل کشمیر زعفران ٹریڈ سینٹر( آئی آئی کے ایس ٹی سی) دوسو پانپور میں دو روزہ جشنِ زعفران کا اہتمام کیا۔ تقریب کا اِفتتاح سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار شبنم کاملی نے کیا۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے زرعی معیشت کی مجموعی ترقی اور پانپور علاقے کے زعفران کاشتکاروں کی سماجی و اِقتصادی تبدیلی میں کشمیر زعفران کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ محکمہ علاقے کی کسان کمیونٹی کی ترقی کے لئے پُرعزم ہے۔
اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ تمام تر کوششیں کریں اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر زعفران کاشت کارزعفرانی شعبے کی ترقی کے لئے حکومت کے پروگراموں،سکیموںسے واقف ہو۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کے لئے بیداری پروگرام منعقد کریں اور اُنہیں زعفران سمیت مختلف فصلوں سے متعلق مختلف مہارتوں اور تکنیکوں کی تربیت دیں۔ڈائریکٹر زراعت کشمیر نے زعفران کی فصل کے مجموعی منظر نامے کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی ۔اُنہوں نے گذشتہ چند برسوں کے دوران محکمہ کی طرف سے کی گئی مختلف اقدامات کی تفصیلات بنائیں۔اس موقعہ پرزراعت اور متعلقہ محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا بھی معائینہ کیا گیا۔