عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کیلئے کاغذات نامزدگی دائر کرنے کا عمل جمعرات کے روز ختم ہوگیا۔نامزدگی کاغذات کی آج جانچ پڑتال ہو گی جبکہ فارم واپس لینے کی آخری تاریخ 9ستمبر ہے ۔ سرینگر ، گاندربل اور بڈگام میں 25 ستمبر کو ہونے والے انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے 26 اسمبلی حلقوں میں 160 امیدواروں کی طرف سے 163کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ 70سے زائد آزاد امیدواروں نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ادھرہندوستان کے الیکشن کمیشن (ای سی آئی)نے جمعرات کو جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ای سی آئی کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، ادھم پور، کٹھوعہ، سانبہ اور جموں کے اضلاع میں کل 40 اسمبلی حلقوں میں اسمبلی انتخابات-2024 کے تیسرے اور آخری مرحلے میں پولنگ ہوگی۔کشمیر ڈویژن میں 16اسمبلی حلقے ہیں،جن میں ترہگام، کپوارہ، لولاب،ہندواڑہ،لنگیٹ،سوپور، رفیع آباد،بارہمولہ،گلمرگ،واگورہ کریری، پٹن،سو نہ واری،بانڈی پورہ ،گریز (ST) اور کرنا ہ شامل ہیں۔ جموں ڈویژن میں 24 اسمبلی حلقے ہیں، جن میں اودھم پور ویسٹ،ادھم پور ایسٹ،چنینی،رام نگر (ایس سی)،بنی،بلو ر،بسوہلی،جسروٹا،کٹھوعہ (ایس سی)،ہیرا نگر،رام گڑھ (ایس سی)،سانبہ ،وجے پور،بشناہ (ایس سی)، سوچیت گڑھ(ایس سی)،آر ایس پورہ ، جموں جنوبی،باہو،جموں مشرقی، نگروٹہ، جموں ویسٹ،جموں شمالی،مارچ (SC)،اکھنور (ایس سی) اورچھمب میں انتخابی عمل کے تیسرے مرحلے میں انتخابات ہونے والے ہیں۔کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 12 ستمبر 2024 (جمعرات)ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 ستمبر 2024 (جمعہ)کو ہوگی اور امیدواری واپس لینے کی آخری تاریخ 17 ستمبر 2024 (منگل)ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ ان اسمبلی حلقوں کے لیے پولنگ کا دن 01 اکتوبر 2024 (منگل)کو مقرر کیا گیا ہے اور پولنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگی۔پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ 18 ستمبر اور دوسرے مرحلے کے لیے 25 ستمبر کو ہوگی۔ گنتی کی تاریخ 8 اکتوبر ہے۔