اشرف چراغ
کپوارہ // کپوارہ کے سرحدی علاقوں میں مواصلاتی سہولیات فراہم کرنے میں ضلع انتظامیہ انتہائی سنجیدہ ہے اور اس کے تحت ڈپٹی کمشنر کپوارہ آیوشی سوسان نے بدھ کو یہاں ڈی سی آفس سے کپواڑہ ضلع کے دور دراز سرحدی تحصیل مڑھل میں دو جیو ٹاورز کا ای۔افتتاح کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ مڑھل بلاک میں دو موبائل ٹاور لگائے گئے ہیں۔ ایک مین مڑھل میں اور دوسرا پشواری میں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ مڑھل بلاک کے مقامی لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے ضلع انتظامیہ نے بھرپور کوششوں سے پورا کیا ہے۔ انہوں نے ٹاور آپریٹر اور مڑھل کے لوگوں کو موصلاتی نظام سے جوڑنے کی سہولت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ڈیجٹل انڈیا کے تحت سرکار ہر علاقے کو مواصلاتی نظام سے جوڑنے کے لئے پر عزم ہے۔