جموں//پرنسپل سیکرٹری بھیڑ و پشو پالن اور ماہی پروری محکمہ نوین کمار چودھری نے یہاں زراعت کمپلیکس میں محکمہ کے کام کاج کاجائزہ ایک میٹنگ میں لیا۔ اُنہوں نے اس موقعہ پر کیٹل فیڈ پروڈکشن سکیم ، انٹگریٹیڈ پولٹری ڈیولپمنٹ سکیم ، فوڈرڈیولپمنٹ سکیم اور دیگر سکیموں جائزہ لیااور سکیم کے تحت بجٹ اور اخراجات کا بھی جائزہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری نے افسروں سے کہا کہ وہ یونین ٹریٹریری میں دودھ کی پیداوار میں اضافے کے علاوہ دودھ کی پروسسنگ ، پیکیجنگ ، اس کی قیمت میں اضافے اور مارکیٹنگ کی طرف اپنی توجہ مرکوز کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس خطے میں دودھ کی پیداوار کو دوگنا کرنے کی کافی صلاحیت موجود ہے۔پرنسپل سیکرٹر ی نے روشنی ڈالی کہ وقت کا تقاضا ہے کہ انٹرپرینوروں اور دودھ کے پروسسنگ کے بڑے یونٹوںکو تشکیل دینا ہے تاکہ ایسے لوگ متعدد دیگر افراد کو روزگار فراہم کرسکیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ سبسڈیوں کی فراہمی میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔اُنہوں نے راجوری اور پونچھ سے تعلق رکھنے والے چیف اینمل ہسبنڈری افسروں کو محکمہ جاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اپنے اپنے اضلاع میں مویشیوں کی پیداوار کے یونٹ قائم کرنے کی ترغیب دینی چاہیئے ۔ برڈ فلو کے بارے میں پرنسپل سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ صوبائی کمشنر کشمیر کے دفتر میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے برڈ فلو کی نگرانی کے اقدامات پر محکمہ اور اس کے ویٹرنری ڈاکٹروں کی کوششوں کو سراہا۔اُنہوں نے انفیکشن کی انتہائی مہلک نوعیت کے بارے میں چوکس رہنے اور ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری جموں ویوک شرما ،ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈی جموں ڈاکٹر سنجیو کمار، جوائنٹ ڈائریکٹر (فارمز) ، بیلیچارانا جموں ڈاکٹر دلجیت سنگھ، جوائنٹ ڈائریکٹر (پولٹری) ، بیلیچارانا جموں ڈاکٹر انیل گپتا اور صوبہ جموں کے تمام چیف اینمل ہسبنڈری افسران موجود تھے ۔ جبکہ ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری کشمیر پورنیما متل ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری کشمیر ڈاکٹر عبدالسلام میر اور کشمیر کے چیف اینمل ہسبنڈری افسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔