گاندربل//دودرہامہ گاندربل میں بجلی کی عدم دستیابی کیخلاف لوگوںنے احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے گاڑیوں کی نقل وحمل مسدود کرکے رکھ دی۔دودرہامہ کے 3محلوں سے وابستہ لوگوںنے بیہامہ صفاپورہ سڑک پر جمع ہوکر مظاہرہ کیااور ٹریفک کی نقل و حرکت میں خلل ڈالا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ 650کلوواٹ ٹرانسفارمرایک ماہ قبل خراب ہوا اور تب سے ورکشاپ میں مرمت کیلئے پڑا ہواہے۔ لوگوںکاکہنا ہے کہ مین ٹرانسفارمر نہ ہونے کی وجہ سے علاقوں میں بجلی کی سپلائی میں باربار خلل پڑتا ہے جس کے سبب عوام مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ احتجاجی میں شامل خواتین نے ہسپتال روڑ پر دھرنادے کر صفاپورہ جانے والی گاڑیوں کی آمدورفت معطل کردی۔ مظاہرین کاالزام ہے کہ محکمہ بجلی نے رواں سال مرضی کے مطابق انوکھا شیڈول ترتیب دیا ہے جس کے چلتے ہردس منٹ کے بعد بجلی گل ہوجاتی ہے جبکہ وولٹیج بھی نہایت ہی کم ہوتا ہے۔مظاہرین کاکہنا ہے کہ بجلی کی آنکھ مچولی کی وجہ سے سردی کے ایام میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔مظاہرین نے کہاکہ معاملہ کوکئی بارمحکمہ کے اعلی حکام کی نوٹس میں لایا گیا لیکن کسی نے بھی اس جانب توجہ نہیں دی جس کے باعث وہ سڑکوں پر آنے کےلئے مجبور ہوگئے۔ گاندربل کے تحصیلدار اورایس ایچ او نے مداخلت کرتے ہوئے مظاہرے میں شامل افراد کو وفد کی صورت میں ڈپٹی کمشنر کے پاس لے گئے اور یقینی دہانی کے بعد دھرنا اور احتجاج ختم کیا گیا۔