سرینگر // چلہ کلان کے ابھی 4روز ہی ہوئے ہیں، اور اس نے 11سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔اسکے کڑے تیور نے اہل واد ی کو ششدر کردیا ہے، کیونکہ راتوں کو ٹھٹھرتی سردی نے بھر پور طریقے سے لوگوں کو ستانا شروع کردیا ہے۔سوموار اور اتوار کی درمیانی رات سرینگر میں11سال بعدسردترین رہی اور کم سے کم درجہ حرارت منفی6.8ڈگری سیلشیس تک گرگیاجبکہ سال2007میں 30اور 31دسمبرکی درمیانی رات درجہ حرارت منفی7.2ڈگری ریکارڈکیاگیاتھا۔شہر کے ساتھ ساتھ وادی بھر میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی حد تک نیچے درج کیا گیا جس کے نتیجے میں نل جم گئے اورجھیل ڈل سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں واقع قدرتی آبگاہوں کے کنارے منجمدہوگئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے ایک ہفتے تک وادی میں موسم خشک رہے گا جس دوران رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہو گی ۔شہری آبادی کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات 1بجے کے بعد سردی کا شدیدزور محسوس کیا گیا، جس کا اثر صبح در تک رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور سوموار کی درمیانی رات درجہ حرارت منفی6.8ڈگری رہااور اس طرح یہ دسمبرکی ابتک کی سردترین رات ثابت ہوئی تاہم محکمہ کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں مزید کمی آسکتی ہے اگر رات کے دوران مطلع صاف رہا۔سرینگرمیں 11سال قبل 30اور31دسمبرکی درمیانی رات درجہ حرارت منفی7.2ڈگری ریکارڈکیاگیا تھاجبکہ سری نگرشہرمیں دسمبرمیں آج تک کی سردترین رات 12اور13دسمبر1934کی درمیانی شب رہی جب یہاں شبانہ درجہ حرارت منفی12.8ڈگری ریکارڈ کیاگیاتھا۔ اتواراورسوموارکی درمیانی رات پارہ نقطہ انجمادسے کافی نیچے آنے کی وجہ سے جھیل ڈل اوردیگرقدرتی آبگاہوں کے کنارے منجمدہوگئے جبکہ شہرکے کئی علاقوں میں واٹرسپلائی پائپیں اورنل جم جانے کی وجہ سے پینے کے پانی کی سپلائی بھی متاثرہوئی۔لوگوں نے بتایاکہ سوموارکو10بجے تک پانی کی سپلائی میں رکاوٹ رہی تاہم محکمہ پی ایچ ای کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسی صورتحال سے نپٹنے کیلئے 2سو کے قریب پانی کے ٹینکر کام پر لگائے ہوئے ہیں جبکہ محکمہ کا فیلڈ عملہ بھی متحرک ہے ۔ محکمہ موسمیات نے وادی بھر کے درجہ حرارت کے ا عدادوشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ علاقے میں منفی 5.0ڈگری، پہلگام میں منفی 7.2،کپوارہ میںمنفی 6.0،کوکرناگ منفی 3.9اور گلمرگ میں منفی 6.8ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ترجمان کے مطابق خطہ لداخ اس وقت سردی کی شدید ترین لپیٹ میں ہے۔ ترجمان کے مطابق لیہہ ضلع میں شبانہ درجہ حرارت منفی14.7اورکرگل ضلع میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی15.2ڈگری ریکارڈکیاگیا ۔