سرینگر//مرکزی حکومت کی طرف سے ماہ رمضان کے دوران فورسز کو کارروائی بند کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ریاستی وزایر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے امید کی کہ پاکستان بھی جنگ بندی کا مثبت جواب دیگا،تاکہ ریاست میں عسکریت پسند بھی ماہ رمضان کا احترام کریں ۔
سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر محبوبہ مفتی نے اپنا پیغام درج کرتے ہوئے تحریر کیا’’میں دل کی عمیق گہرائیوں سے رمضان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتی ہوں،اور نریندر مودی جی،و راج ناتھ سنگھ جی کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے ذاتی طور پر اس میںمداخلت کی۔ کل جماعتی اجلاس میں شرکت کرنے والے لیڈروں اور جماعتوں کی بھی شکر گزار ہوں،جنہوں نے اس اعلان کیلئے اتفاق رائے پیداکیا‘‘۔ اس دوران وزیر اعلیٰ کی طرف سے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا گیا،جس میں اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا گیاکہ کل جماعتی اجلاس کے دوران شریک ہوئے لیڈروں اور جماعتوں نے رائے عامہ منظم کیا۔51سکینڈ کے اس ویڈیو پیغام میں وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان بھی سیز فائر کا مثبت جواب دیگا۔انہوں نے کہا’’امید ہے پاکستان سیز فائر کا مثبت جواب دیگا،تاکہ جنگجو بھی اپنی طرف سے ماہ رمضان کا احترام کر کے مثبت جواب دینگے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر مینںگزشتہ کئی برسوں سے خون خرابہ ہو رہا ہے،اور اس خون خرابے کو بند کرنے میں سیز فائر کارآمد ثابت ہوگا۔