جموں// نائب وزیراعلیٰ نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ بی جے پی دفعہ370کی منسوخی کے موقف پراٹل ہے۔نرمل سنگھ نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی سے متعلق ان کی پارٹی کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر نامہ نگاروں کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا’’ہماری جماعت اقتدار یا دوسری کسی وجہ سے اپنے سیاسی موقف کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ، ریاست جموںوکشمیر سے متعلق دفعہ 370 کو ختم کرنا بی جے پی کا اسٹینڈ ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس دفعہ کی وجہ سے ریاست اور ریاستی عوام کو گزشتہ 7 دہائیوں سے بھاری نقصان پہنچا ہے‘‘۔انکا کہنا تھا’’ بھاجپا نے پچھلے انتخابات میں44تشستیں حاصل کرنے کا ہدف رکھا تھا جو اسے حاصل نہیں ہوا، اور صرف25نشستیں ہی حاصل کیں،اگر ہم نے 44سے زیادہ سیٹیں حاصل کی ہوتیں تو صورتحال مختلف ہوتی‘‘۔سنگھ کا کہنا تھاکہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے جموںوکشمیر سے متعلق جو بیان سنیچر کو دیا ، میں ذاتی طور پر اس کی مکمل تائید اور حمایت کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح اقتدار نہیں بلکہ ملکی سلامتی اور سالمیت ہے اور اس پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔ نرمل سنگھ نے کہا کہ ملک اور ریاست کی بھلائی کیلئے اگر آئین ہند کی کچھ دفعات میں ترمیم کی ضرورت ہے تو اس میں کسی کو ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے تاہم کہاکہ ریاست میں چونکہ ہمارا پی ڈی پی کے ساتھ اتحاد ہے ، اس لئے ہم وقتی طور پر دفعہ 370 جیسے معاملات پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔