سرینگر// پارلیمنٹ ممبر اور لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ چراغ پاسوان نے کہا کہ جموں کشمیر میں دفعہ370کی منسوخی کا مقصد صرف جموں کشمیر کے عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں ریل ہیرو ایوارڈس 2021 سے متعلق ایک انعامی تقریب کے دوران کے چراغ پاسوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے کشمیر خصوصا جھیل ڈل میں بہت سے مقامات کو جاذب نظر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کشمیر میں اپنے والد رام ولاس پاسوان کے خواب کے لئے کام کریں گے جو کشمیر میں ترقی و خوشحالی دیکھنے کے خواہشمند تھے۔انہوں نے مزید کہا’’میں نے یہاں بہت سارے وفود سے ملاقات کی اور انہوں نے مجھے اپنے حقیقی خدشات سے آگاہ کیا۔ میں ان معاملات کو وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ حقیقی ازالے کے لئے اٹھائوں گا‘‘۔پاسوان نے یہ بھی کہا کہ پارٹی سے بالاترہوکر لیڈران کو جموں و کشمیر کے عوام سے انکے حقیقی خدشات کے لئے بات کرنی چاہئے اور ان کے تدارک کی کوشش کرنی چاہئے۔5 اگست 2019 کے فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے نیک نیت سے 370 کو منسوخ کیا گیا۔