سرینگر //صنعت و حرفت محکمہ نے مقامی دستکاریوں کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے لئے ایک اہم مارکیٹنگ منصوبہ مرتب کیا ہے جس کی رُو سے اِی کامرس پلیٹ فارم ’ایمزون‘ پر ریاست کی دستکاریوں کو آن لائین دستیاب رکھا جائے گا۔اس سلسلے میں ریاستی حکومت کے اہلکاروں، ایمزون کے نمائندوں اور مقامی دستکاروں کی ایک مشترکہ میٹنگ آج محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری شلیندر کمار کی صدارت میں صنعت گھر میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹر ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شلیندر کمار نے کہا کہ ایمزون پر دستکاریوں کو آن لائین دستیاب کرانے سے عالمی سطح پر انہیں فروغ دینے میں مدد ملے گی اور ریاست کے دستکار اب اپنی دستکاریوں سے بھرپور منافع کماسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے جارہے ہیں جس کے تحت ریاست کی دستکاری مصنوعات کو کرافٹس فراہم جے اینڈ کے کی ٹیگ لائین میں رکھا جائے گا اور ویب سائٹ پر کشمیری شال، سِلک، ووُل اور دیگر مصنوعات کو دستیاب رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مفاہمت نامے پر دستخط ہونے کے بعد مذکورہ ویب سائٹ دستکاروں اور بُنکروں کو براہِ راست آن پالئی پلیٹ فارم پر اپنی مصنوعات کو صارفین کو بیچنے کے لئے تربیت فراہم کرے گی اور اس طرح درمیانہ داروں کا رول ختم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جدید مارکیٹنگ ٹیکنالوجی کی بدولت سٹارٹ اپ کمپنیوں کو بھی ایمزون پر اپنی مصنوعات دستیاب رکھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے طریقہ کار سے باغبانی شعبۂ کی پیداواریت کو بھی فروخت کیا جاسکتا ہے۔میٹنگ کے دوران متعلقہ اہلکاروں نے کئی تجاویز پیش کیں جن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔