جموں//گورنر کے مشیر کے سکندن نے کاریگروں کی طرف سے تیار کی گئی اشیاء کے معیار کی جانچ کرنے اور اس کی سرٹیفکیشن کے لئے ایک فعال لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے سے دستکاروں کی صلاحیتوں کو بڑھاوادیا جانا چاہیئے۔مشیر موصوف یہاں ہینڈی کرافٹ وہینڈ لوم محکموں اور دیگر منسلک کارپوریشنوں کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اندر جیت ، ڈائریکٹر ہینڈلوم روبینہ کوثر ، سیکرٹری کے وی آئی بی راشد احمد قادری کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔مشیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے اختراعی طریقوں کو بروئے کار لایا جانا چاہیئے اور دستیاب وسائل اور بنیادی ڈھانچے کو مکمل طور سے استعمال کیا جانا چاہیئے ۔اُنہوں نے کہا کہ دستکاروں کی ایک شناخت ہونی چاہیئے اور اُنہیں اپنی پیداوار فروخت کرنے کے لئے بہتر مارکیٹنگ سہولیات بہم کی جانی چاہئیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس سیکٹر کو مزید نفع بخش بنانے کے لئے یونیورسٹیوں کے ساتھ اشتراک کیا جانا چاہیئے۔مشیر موصوف نے کہا کہ جدید طرح کے ذرائع سے کاریگروں کے ہنروں کو بڑھاوادیا جانا چاہیئے اور اس مقصد کے لئے اعلیٰ تربیتی مرکز وجود میں لائے جانے چاہیئے۔میٹنگ میں اِن محکموں سے جڑے کئی دیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔کے سکندن نے اِن محکموں اور کارپوریشنوں کی طرف سے عملائی جارہی سرگرمیوں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ اُنہوں نے اِن محکموں کے مابین بہتر روابط پر بھی زور دیا تاکہ دستکار دوست ماحول وجود میںلایا جاسکے۔