تقریب آج، ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم محکمہ کی تیاریاں مکمل
سرینگر// محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم نے سال 2024 کیلئے ان منتخب کاریگروں کو سالانہ یو ٹی آرٹیزن ایوارڈز دینے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں جنہوں نے جموں و کشمیر کی مشہور دستکاری ورثے کو زندہ رکھا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری جن کے پاس صنعت و حرفت محکمہ کا قلمدان بھی ہے، 25 نومبر کو ایس کے آئی سی سی میں کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ کی موجودگی میں یہ ایوارڈ تقسیم کریں گے ۔محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 38 کاریگروں اور بْنکروں جن میں 20 کا تعلق کشمیرصوبہ اور 18 کا جموں صوبہ سے ہیں،کو مختلف نوٹیفائیڈ دستکاریوں میں نمایاں کارکردگی پر ’یو ٹی آرٹیزن ایوارڈز ‘سے نوازا جائے گا جنہیں حکومت نے منتخب کیا ہے۔انہوں نے کہا’’ تقریب کے لئے ایس کے آئی سی سی آڈیٹوریم میں تمام اِنتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔ کاریگروں کو دیا جانے والا ایوارڈ توصیفی سند اور نقد انعامات پر مشتمل ہوگا جن میں ہر دستکاری میں پہلی تین پوزیشنوں کے لئے بالترتیب 50 ہزار روپے، 30 ہزار روپے اور 20 ہزار روپے دئیے جائیں گے‘‘۔ترجمان نے مزید کہا کہ محکمہ کا بنیادی مقصدہنرمندوں اور بُننے والوں کی فلاح و بہبود ہے اور سالانہ آرٹیزن ایوارڈز کی تقسیم حکومت کی ایک کوشش ہے تاکہ ہمارے ہنرمند کمیونٹی کے اُن کوششوں کا اعتراف کیا جاسکے جو جموں و کشمیر میں دستکاری کی میراث کو زندہ رکھنے کے لئے سخت محنت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا’’سالانہ یو ٹی آرٹیزن ایوارڈز کے علاوہ ہمارے کاریگر قومی سطح پر پدما اور شلپ گورو ایوارڈز جیت کر بھی جموں و کشمیر کا نام روشن کرتے رہے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر بھی ہمارے کاریگروں نے فن کے شائقین کی توجہ حاصل کر کے خود کو نمایاں مقام دِلایا ہے‘‘۔ترجمان نے بتایا کہ سال 2025 ء کے یو ٹی آرٹیزن ایوارڈز کے لئے اِندراجات کے اِنتخاب کا عمل بھی جاری ہے۔