پانی کے تیزبہائو سے کیرن سڑک کونقصان
اشرف چراغ
کپوارہ// حد متارکہ پر واقع کیرن علاقہ میں دریا کشن گنگا کے کنارے باندھ کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے کیونکہ دریا نے آہستہ آہستہ کیرن کو جانے والی سڑک کو نقصان پہنچایا ہے ۔مقامی شہری اور سماجی کارکن راجہ تسلیم خان کا کہنا ہے کہ 2010میں دریا کشن گنگا میںطغیانی آگئی اور اس سے دریا نے رُخ مو ڑ لیا جس کی وجہ سے کیرن میں پورا بازار سیلاب کی زد میں آگیا اورمتعدد دکانیں سیلاب کی نظر ہوگئیں جبکہ کئی سرکاری ادارو ں کو بھی نقصان پہنچا ۔مقامی لوگو ں نے بتایا کہ کیرن علاقہ آج کل سیلانیو ں کی دھڑکن بن چکا ہے اور ہر روز کافی تعدادمیں سیلانی کیرن کی سیر کر کے یہاں لطف اندوز ہوتے ہیں لیکن حالیہ بارشو ں کی وجہ سے کیرن بازار سے کیرن پائین تک جانے والی سڑک کو دریا کے پانی سے نقصان پہنچ چکا ہے اور اب اس دریا کے کنارے باندھ تعمیر کرنا نا گزیر بن چکا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ محکمہ فلڈ کنٹرول نے آج تک اس دریائے کے کنارے کئی بار باندھ تعمیر کئے لیکن دریا میں طغیانی آنے کی وجہ سے ان باندھو ں کو نقصان پہنچا ۔مقامی لوگو ں نے سر کار سے مطالبہ کیا کہ وہ کیرن میں دریائے کشن گنگا کے کنارے ہائر سیکنڈری سکول تک پختہ باندھ تعمیر کریں تاکہ آئندہ کوئی مالی نقصان نہ اٹھانا پڑے ۔اس سلسلے میں ایگز یکیٹو انجینئر محکمہ فلڈ کنٹرول کپوارہ ڈویژن ظہور احمد نے از خود کیرن کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔انہو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس وقت دریا ئے کشن گنگا میں پانی کی سطح کافی زیادہ ہے اور حفاظتی باندھ تعمیر کرنے میں دقتیں پیش آئیں گی ۔انہو ں نے کہا کہ سڑک کے دریائے کشن گنگا کے کنارے باندھ تعمیر کرنے کیلئے کارروائی شروع کی گئی اور جو ں ہی پانی کی سطح میں کمی واقع ہوگی، کام شروع کیا جائے گا ۔ان کا کہنا ہے کہ چند ایک مقامات پر سڑک کو نقصان پہنچا ہے لیکن خطرے کی کوئی بات نہیں اور جو ں ہی دریا کے پانی کی سطح میں کمی آئے گی کام شروع کیا جائے گا ۔