اشتیاق ملک
ڈوڈہ //دریائے چناب پر پل ڈوڈہ کے مقام پر قائم پل جو قصبہ کو ڈوڈہ سٹی سے جوڑتا ہے، اس میں متعدد مقامات پر دراڑیں نمودار ہونے کے بعد انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر پل پر ہر قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت فوری طور پر بند کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق تقریباً 110 میٹر طویل اس پل میں مختلف مقامات پر دراڑیں دیکھی گئی ہیں، جس کے بعد متعلقہ حکام نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے پل پر ٹریفک معطل کر دی۔پل کی ساخت اور مضبوطی کا جائزہ لینے کے لیے تکنیکی ماہرین کو موقع پر تعینات کیا گیا ہے، جبکہ مکمل معائنہ اور حفاظتی رپورٹ آنے تک گاڑیوں کی نقل و حرکت بحال کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ دنوں ضلع ڈوڈہ میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے دوران پل ڈوڈہ کے مقام پر دریائے چناب کی سطح خطرے کے نشان سے تجاوز کر گئی تھی اور پانی پل کے عین قریب تک پہنچ گیا تھا، جس کے باعث پل کی بنیادوں اور ڈھانچے پر شدید دباؤ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں، متبادل راستوں کا استعمال کریں اور افواہوں سے گریز کرتے ہوئے صرف سرکاری اطلاعات پر یقین رکھیں۔پل کی مکمل تکنیکی جانچ کے بعد ہی اس پر ٹریفک بحال کرنے یا آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔