سرینگر//پی ایچ ای اور آبپاشی کے وزیر شیام لعل چودھری نے آبپاشی و فلڈکنٹرول محکمہ پر زور دیا کہ وہ دریائے جہلم سے ملبہ نکالنے کے کام میں تیزی لانے کے لئے اپنی افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کریں ۔وزیر نے بارہمولہ اور سوپور کا دورہ کر کے وہاں ڈریجنگ اور ان علاقوں میں پی ایچ ای محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ناصر نقاش ، چیف انجینئر پی ایچ ای غلام محمد بٹ کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے کئی اعلیٰ افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔وزیر نے بارہمولہ کے کھادن یار علاقے کا دورہ کر کے دریائے جہلم اوٹ فال چینل میں ہو رہی ڈریجنگ کے کام کا جائزہ لیا۔ اس عمل میں تیزی لانے کی ضمن میں وزیر نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ 2نئی ڈریجنگ مشینیں حاصل کرنے کیلئے ایک منصوبہ مرتب کریں۔اس سے پہلے وزیر نے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران وہاں پی ایچ ای اور آبپاشی محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔شیام لعل چودھری نے سوپور میں بھی دریائے جہلم میں ڈریجنگ کے کام کا جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف نے تیزی لانے کی ہدایت دی تا کہ اس کام کو جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔ وزیر نے افسروں اور عملے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے محکمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی بہم رکھیں ۔انہوںنے پانی کے معیار پر نظر گزر رکھنے کی بھی ہدایت دی۔