سرینگر // آئی ڈبلیو اے کی چیئرپرسن نوتن جی بسواس نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر میں انلینڈ واٹر ٹرانسپورٹ کے لئے بہت امکانات موجود ہیں اور جب اسے ریاست کے تمدن اور روایتی تجارت سے جوڑا جائے گا،لوگوں کو اس کی کامیابی کے ثمرات حاصل ہوں گے ۔چیئرپرسن ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ، جس میں چیف سیکرٹری، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، ڈائریکٹر سیاحت ، چیف انجینئر ،این جی او و دیگر افسران موجود تھے۔ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں حصہ لیا۔تفصیلا ت دیتے ہوئے چیئرپرسن نے کہا کہ جموں وکشمیر کو یہ فخر حاصل ہے کہ پورے ملک کے 111 قومی واٹر ویز کے مقابلے میں چار قومی واٹر ویز یہاں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر وادی میں رابطوں کو بہتر بنانے میں جہلم ہائی وے کا ایک خاص مقام ہے اور اسے کامیاب بنانے کیلئے مختلف مرکزی و ریاستی محکموں کا اشتراک اہمیت کا حامل ہے۔اس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت انلینڈ واٹر ٹرانسپورٹ کو بحال کرنے کے لئے وعدہ بند ہے، اور اس کی بدولت سڑک رابطوں میں ٹریفک کا دبائو کم ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی نقل و حمل کے علاوہ واٹر ٹرانسپورٹ کی بدولت زرعی و باغبانی شعبے کی پیداوار کو باغات اور کھیتوں سے بازاروں تک پہنچانے میں سہولیت ہوگی۔