عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//سابق وزیر اور اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے درنگ سیاحتی مقام کو دوبارہ کھولنے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سبھی متعلقین کا دیرینہ مطالبہ تھا جن کی روزی روٹی یہ سیاحتی مقام بند ہونے سے بری طرح متاثر ہوئی تھی۔میر نے کہا کہ اس فیصلے سے علاقے میں سیاحت پر انحصار کرنے والے سینکڑوں خاندانوں کو انتہائی ضروری راحت ملی ہے۔انہوںنے کہا’’درنگ کا دوبارہ کھلنا ایک خوش آئند اور بروقت قدم ہے۔ میں حقیقی معنوں میں ایل جی منوج سنہا کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے لوگوں کے حقیقی خدشات کو دور کیا اور ان لوگوں کی حمایت کی جن کی ر وزی روٹی اس شعبے سے آتی ہے‘‘۔میر نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ تمام بند سیاحتی مقامات بشمول گوگلڈارا، بدر کوٹ، دود ھ پتھری، بوٹاپتھری گلمرگ اور شرنز فال باباریشی کو فوری طور پر کھولے تاکہ سیاحت کی متوازن ترقی اور مقامی معیشت کی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔میر نے زور دیا’’سیاحت ہمارے خطے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ کوئی بھی طویل بندش تعلق داروں کو براہ راست پریشانی میں دھکیل دیتی ہے۔ ہم اپنے لوگوں کے ذریعہ معاش کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ میں انتظامیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ باقی تمام مقامات کو بغیر کسی تاخیر کے کھولنے میں تیزی لائیں‘‘۔