سرینگر // 40روز تک شدت کی سردی سے نڈھال اہل وادی کو پچھلے تین روز سے کچھ حد تک راحت نصیب ہوئی ہے۔جمعرات کو 55روز کے بعد شبانہ درجہ حرارت مثبت سطح پر پہنچا تھا جبکہ جمعہ کی شب گلمرگ اور پہلگام کو چھوڑ کر وادی میں دوسرے روز بھی شبانہ درجہ حرارت میں بہتری آئی، جس سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی راتدرجہ حرارت 1.0ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی 9.4اور پہلگام میں منفی 3.6ڈگری سیلسیش ریکارڈ ہوا ۔شبا نہ درجہ حرات میں بہتر ی کے ساتھ ٹھٹھرتی سردیوں میںکمی واقع ہو رہی ہے ۔جمعہ کو سہ پہر کے بعد مطلع صاف ہوگیا اور کھلی دھوپ بھی نکل آئی ۔گذ شتہ کئی روز سے جاری رہنے والی ہلکی برفباری نے کچھ حد تک کئی ہفتوںسے جاری خشک سردی اور یخ بستہ ہوائوںکاخاتمہ کردیا۔ موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی لوگوں کو کڑا کے کی ٹھنڈ سے راحت نصیب ہو ئی ۔ شبانہ درجہ حرارت میں بہتری کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں منجمند نلوں میںپانی سپلائی بحال ہونے لگی ہے۔شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ ہونے کے ساتھ ہی آبی ذخائر پگھلنے لگے ہیں اور چھتوں اور کھلے میدانوں میں موجود برف کے پہاڑ بھی پگھلنے شروع ہوگئے ہیں۔محکمہ نے بتایا کہ کپوارہ میں 0.8 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے اگلے ایک ہفتے تک وادی میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔محکمہ کے مطابق اگلے دو دن کے دوران درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کی کمی واقع ہوگی۔