جموں// جنرل ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایک حکم نامے کے مطابق ہفتہ میں پانچ دِن کام کرنے والے سرکاری دفاتر جموں میں 27 ؍اپریل2018 ء بروز جمعہ اور ہفتہ میں6 دن کام کرنے والے سرکاری دفاتر28 ؍اپریل بروز سنیچروار کو دفتری اوقات کے بعد سالانہ دربار مؤ کے سلسلے میں بند ہوں گے۔ یہ سبھی دفاتر7؍ مئی2018 ء بروز سوموار سرینگر میں دوبار ہ کھلیں گے۔سبھی محکموں سے کہا گیا ہے کہ وہ23 ؍اپریل کو ایک گزیٹیڈ افسر اور4 سے5 نان گزیٹیڈ ملازمین پر مشتمل ایڈوانس پارٹی کو سرینگر میں ریکارڈ موصول کرنے کے لئے روانہ کریں۔ ایس آر ٹی سی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سرینگر کے ملازمین کو 28 اور 29؍ اپریل 2018 ء کوٹرانسپورٹ سہولیت فراہم کرنے کے لئے اچھی حالت میں معقول تعداد میں بسوں کا انتظام کرے۔اسی طرح جموں کے ملازمین کے لئے بھی5 اور 6 ؍مئی 2018 ء کو ٹرانسپورٹ سہولیات بہم رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ایڈوانس ٹکٹوں کی بُکنگ20 ؍اپریل2018 ء سے سول سیکرٹریٹ اور ایس آر ٹی سی کے مین بُکنگ کاؤنٹر سے کرائی جاسکتی ہے۔