گاندربل//دودرہامہ گاندربل میں 5 راشٹریہ رائفل سے وابستہ اہلکاروں نے لیب ٹیکنیشن کی مارپیٹ کرکے اس کی ہڈی پسلی ایک کردی ۔ عینی شاہدین کے مطابق منگل کی صبح ساڑھے آٹھ بجے ہسپتال روڑ دودرہامہ میں 5 راشٹریہ رائفل سے وابستہ اہلکاروں نے وہاں قائم کلینکل لیب ٹیکنیشن فردوس احمد ڈار ولد نظیر احمد ڈار ساکنہ سہ پورہ گاندربل کی مارپیٹ کی ۔عینی شاہد ین نے کہا کہ منی سیکٹریٹ کے نزدیک قائم 5 راشٹریہ رائفل کیمپ کی کیسپر گاڑی ڈسٹرکٹ ہسپتال روڑ پر موجود تھی جس میں سے چند اہلکاروں نے راہ چلتے ہوئے کئی افراد کی پوچھ گچھ کی اسی اثناء لیب ٹیکنیشن فردوس احمد ڈار بھی وہاں سے گزرا ۔اہلکاروں نے اسے دبوچتے ہوئے کیسپر گاڑی میں چڑھایا دیا اور بے تحاشہ مارپیٹ شروع کردی اس کی چیخنے کی آوازیں دور دور تک سنائی دے رہی تھی ۔کچھ دیر مارپیٹ کرکے اسے نیم مردہ حالت میں سڑک پر پھینک دیا گیااور گاڑی میں سوار ہوکر نکل گئے۔دوکانداروں اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمی فردوس احمد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں سے تشویشناک حالت میں میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کردیا گیا ۔