پائلٹ ہلاک
یواین آئی
دبئی میں جاری ایئر شو کے دوران انڈین فضائیہ کا ایک تیجس لڑاکا طیارہ کرتب دکھاتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا ہے۔انڈین ایئر فورس نے تصدیق کی ہے کہ اس حادثے میں طیارے کا پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا ہے۔یہ حادثہ دبئی ایئر شو کے آخری روز جمعے کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بج کر 10 منٹ پر پیش آیا، جب تیجس طیارہ ایک فضائی مظاہرے میں شریک تھا۔انڈین ایئر فورس نے اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔فضائیہ کی جانب سے ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں حادثے میں ہلاک ہونے والے پائلٹ کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔انڈین ایئر فورس نے 17 سے 21 نومبر تک دبئی میں ہونے والے ایئر شو کے دوران لڑاکا طیارے تیجس نمائش کے لیے رکھے تھے۔چند روز سے سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں بھی تھیں کہ ایئر شو میں رکھے گئے اس لڑاکا طیارے کے فیول ٹینک سے تیل کا اخراج ہوتا رہا لیکن انڈین حکومت کی جانب سے فیک نیوز کے تدارک کے لیے بنائے گئے اکاونٹ پی آئی بی فیکٹ چیک نے ان کی تردید کی تھی۔پی آئی بی فیکٹ چیک نے ایکس پر لکھا تھا کہ یہ معمول کا عمل تھا جس میں طیارے کے انوائرمینٹل کنٹرول سسٹم اور آن بورڈ آکسیجن جنریٹنگ سسٹم سے آلودہ پانی کا نکالا گیا۔انڈین ایئر فورس کے حوالے کیے جانے کے بعد تیجس کو پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ اس سے قبل مارچ 2024 میں انڈیا کی مغربی ریاست راجستھان میں بھی ایک تیجس طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔تیجس سنسکرت زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ‘شعلہ یا ‘چمک ہیں۔ اس طیارے کو سنہ 2016 میں انڈیا کے فضائی بیڑے میں طویل انتظار کے بعد شامل کیا گیا تھا ۔