عظمیٰ نیوزسروس
انہال // مرکزی ادارہ دارالعلوم سبیل الہدٰی راج گڑھ ضلع رام بن دوسرا سالانہ جلسۂ دستار بندی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں اور زیر تعلیم طلبا کے والدین نے شرکت ۔ اس موقع پر مفتی عبدالرشید مفتاحی بانی و مہتمم دارالعلوم بلالیہ لعل بازار سرینگر مہمان خصوصی کے طور موجود تھے جبکہ ضلع رام بن کے معروف علمائے کرام جن میں مولانا نذیر احمد قاسمی صدر رابطہ ائمہ مساجد ضلع رام بن، مفتی سمیر احمد قاسمی صدر رابطہ ائمہ مساجد تحصیل بانہال، مولانا جاوید احمد رحیمی ، ذمہ دار مکاتب رام بن و ڈوڈہ اضلاع سمیت متعدد ائمہ و علمائے کرام نے بھی شرکت کی اور فرزندانِ توحید کو قرآن و سنت کی روشنی میں وعظ و نصیحتیں کیں۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جبکہ نمازِ عصر کے بعد مفتی عبدالرشید کی دعائے خیر پر جلسے کا اختتام ہوا۔ اس دوران سبیل الہدٰی کے طلباء نے نعت خوانی، تقاریر، مکالمے اور مختلف پروگرام پیش کئے اور وہان موجود لوگوں نے ان کی بے حد سراہنا کی ۔اپنے خصوصی خطاب میں مفتی عبدالرشید مفتاحی نے نوجوانوں کو منشیات اور برے کاموں سے دور رہنے، اور اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سچا مسلمان اپنے پڑوسیوں کے حقوق کا خیال رکھتا ہے اور معاشرے میں امن و محبت کا پیغام دیتا ہے۔اختتامی مرحلے میں علمائے کرام کے ہاتھوں سے چار طلبہ کی دستار بندی کی گئی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں اور ان کے والدین کو انعامات سے نوازا گیا۔ جلسے میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔