سرینگر//دارالخیر میرواعظ منزل سرینگر نے گزشتہ دنوں شہر سرینگر کے پالہ پورہ گزربل میں آتشزدگی کی ایک واردات میں ایک درجن رہائشی مکانات اور املاک و جائیداد خاکستر ہونے پر زبردست دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوںنے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور فوری باز آبادکاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق دارالخیر کے رکن مفتی غلام رسول سامون کی قیادت میں ایک وفد نے پالہ پورہ گزربل نورباغ جاکر متاثرین میں چاول ، آٹا،کمبل اور کچن کٹ اور بنیادی ضروریات کی چیزیں بطور امداد پیش کیں اور ان کے ساتھ دارالخیر کی جانب سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔اس دوران غریب عوام کو درپیش شدید مالی مشکلات کے تناظر میں دارالخیر کے زیر اہتمام Feed a family campaign کے تحت مستحق کنبوں کے مابین امداد اور معاونت کی مہم برابر جاری ہے ۔ چنانچہ دارالخیر کی امدادی ٹیم نے عیدگاہ سرینگر، آستانہ عالیہ سرائے بالا ، نٹی پورہ، اور بوٹہ شاہ محلہ لالبازار سرینگر وغیرہ مقامات پرجاکرمسجد کمیٹیوں کے ذمہ داروں تک امدادی سامان بصورت کٹ پہنچایا۔ دارالخیر نے ایک بار پھرتمام صاحب ثروت حضرات سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ حسب سابق ادارہ کے ساتھ مالی معاونت کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ دارالخیر اپنے دستور اور منشور کے مطابق بلا امتیاز مذہب و ملت اپنا امدادی مشن پوری یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھا سکے۔