عظمیٰ نیو زسروس
جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموں سے سی آر پی ایف خواتین موٹرسائیکل مہم ’’ یشسوینی ‘‘ کوہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔یہ مہم ملک گیر مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد ملک بھر میں قومی اتحاد اور خواتین کو بااِختیار بنانے اور’’ بیٹی بچائو ، بیٹی پڑھائو‘‘ مہم کو فروغ دینا ہے۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام خواتین موٹر سائیکل سواروں، افسروں، فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کو اس مبارک موقعہ پر مبارک باد پیش کی۔ اُنہوں نے کہا کہ سی آر پی ایف ہمیشہ خواتین کو بااِختیار بنانے کے لئے ہمیشہ کوشاں ہے اور سی آر پی ایف میں خواتین نہ صرف جموں و کشمیر اور شمال مشرقی کے خطرناک خطوں میں فرائض انجام دے رہی ہیں بلکہ وہ کھیلوں کے میدان میں بھی نام روشن کر رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ وہ ملک کے مختلف حصوں میں امن و امان اور داخلی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے خدمات اَنجام دے رہے ہیں اور دیگر ممالک میں بھی امن مشن میں اَپنی بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔مشیر نے کہا کہ سی آر پی ایف خواتین موٹر سائیکل ٹیم کے ذریعہ سری نگر سے شروع کی گئی راشٹریہ ایکتا یاترا ملک کی مختلف ریاستوں سے ہوتی ہوئی 31 اکتوبر کو لوہے کے آدمی سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش کے موقع پر گجرات کے ایکتا نگر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بائیکرز ٹیم سردار پٹیل جی کو خراج عقیدت پیش کرے گی۔مشیر موصوف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ قومی اتحاد اور خواتین کو بااختیار بنانے کا پیغام اس فورس کی یشسوینی خواتین بائیکرس پھیلا رہی ہیں جو ملک کے شہریوں میں نیا شعور اور توانائی پیدا کرے گا تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرسکیں اور ملک کو مضبوط بنانے میں مدد کرسکیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سی آر پی ایف کی نامور خواتین نے سماج کے ساتھ قومی اتحاد ، خواتین کی ترقی ، بیٹیوں کی تعلیم ، بیٹیوں کی صحت اور ماحولیات کے تحفظ کے بارے میں جو پیغام دیا ہے وہ عام لوگوں کے ذہنوں میں انمٹ نقوش چھوڑے گا۔ جو ہمارے لئے اہم ہے یہ فخر کی بات ہے۔ بھٹناگر نے اَپنے خطاب میں ملک کی داخلی سلامتی اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے سی آر پی ایف کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی بھی ستائش کی۔ اُنہوں نے قوم کی خدمت میں فورسز کے جوانوں کی قربانیوں کو بھی یاد کیا۔اُنہوں نے شہید بہادروں کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا بھی اِظہار بھی کیا۔