نئی دہلی// مرکزی وزارت داخلہ کو اندرونی سلامتی اور سرحدوں کی نگرانی کیلئے 2020سے2025تک3لاکھ50ہزارکروڑ روپے کی ضرورت ہوگی۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے15ویں مالیاتی کمیشن کے سربراہ این کے سنگھ کو حال ہی میں ایک میٹنگ کے دوران اس بات سے آگاہ کیا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کو2020سے آئندہ5برسوں کیلئے اس رقم کی ضرورت ہوگی۔سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے اس میٹنگ کے دوران سرحدوں کی حفاطت اور اندرونی سلامتی، مرکزی فورسز،پولیس کی جدید کاری،آفات سماویٰ کے انتظامات اور مرکزی زیر انتظام والے علاقوں کیلئے3لاکھ50ہزارکروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں بعد میں مفصل یاداشت پیش کی جائے گی۔ میٹنگ کے دوران پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی،جس میں کہا گیا کہ وزارت داخلہ کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے،جن میں اندرونی سلامتی کو درپیش خطرات شامل ہیں۔ میٹنگ میں کہا گیا کہ ریاستیں از خود جنگجویت اور دہشت گردی سے نہیں نپٹ سکتی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے مزید اس بات کی طرف نشاندہی کی کہ دیگر چیلنجوں میں عوام میں احساس تحفظ پیدا کر کے حساس طبقوں ،بچوں اور خواتین کو محفوظ رکھنا،پولیس کو مزید موثر بنانا،سائبر خطرات سے نپٹنا اور آفات سماویٰ کے دوران فوری طور پر راحت و باز آباد کاری بھی شامل ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شمال مشرقی ریاستوں میں مرکز کی تال میل کی وجہ سے اندروانی سلامتی کو بہتر بنایا گیا ہے،جبکہ دائیں بازوں کی شدت پسندی کو بھی کچل دیا گیا۔