کرائسٹ چرچ/نیوزی لینڈ کے کرائسٹ میں فائرنگ کے وقت بنگلہ دیش کے کھلاڑی نماز ادا کرنے کیلئے مسجد میں موجود تھے، لیکن وہ بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔ گولی باری سے محفوظ باہر نکلنے کے بعد کھلاڑیوں نے اللہ کا شکر ادا کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بنگلہ دیش کے کرکٹر بھی دہشت گردوں کے نشانے پر تھے۔ ٹیم کے سینئر کھلاڑی مشفق الرحیم نے ٹویٹ پر لکھا، ’’ الحمد للہ کرائسٹ چرچ مسجد میں فائرنگ کے دوران اللہ نے ہمیں بچا لیا۔ ہم سبھی بہت خوش قسمت ہیں اور ایسی چیزیں کبھی دوبارہ نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہمارے لئے دعا کریں‘‘۔وہیں ٹیم کے اسٹار اوپنر تمیم اقبال نے لکھا، ’’ حملہ آور سے پوری ٹیم محفوظ ہے۔ ڈر سا گیا ہوں۔ ہمارے لئے دعا کریں‘۔اس کے علاوہ بھی کئی کھلاڑیوں اور بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے اس حملہ کو لے کر اپنا ردعمل سوشل میڈیا پر دیا ہے۔
بنگلہ دیش کا دورہ نیوزی لینڈ ختم
کرائسٹ چرچ /نیوزی لینڈ کی مسجد میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد میزبان ٹیم اور بنگلہ دیش کے درمیان کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کو منسوخ کردیا گیا ہے اور بنگلہ دیش کی ٹیم بھی دورہ نیوزی لینڈ سے وطن واپس لوٹ رہی ہے۔نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز 16مارچ سے کرائسٹ چرچ میں ہونا تھا لیکن کرائسٹ چرچ کی مسجد میں فائرنگ کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کو منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم بھی دورہ ختم کر کے وطن واپس لوٹ رہی ہے۔بنگلہ دیشی ٹیم کے سیکیورٹی آفیشلز نے تصدیق کی کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی اور عملہ ہوٹل واپس پہنچ چکا ہے اور وہ بالکل محفوظ ہیں۔نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ میں اس طرح کے انتہا پسندانہ اقدامات کی کوئی جگہ نہیں۔