ہر کسی کو سرکاری ملازمت فراہم کرنا ممکن نہیں:وزیراعلیٰ
کولگام// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کولگام ضلع انتظامیہ اور’ مشن یووا‘ کے اِشتراک سے دو روزہ جموں و کشمیرتجارتی میلے کاافتتاح کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت روزگار پیدا کرنے کے لئے کام کر رہی ہے لیکن ہر کسی کو سرکاری ملازمت فراہم کرنا ممکن نہیں ہے۔ لہٰذا خود روزگار کے مواقع پیدا کرنا ناگزیر ہے اور ’مشن یووا‘ جیسی سکیمیں اسی مقصد کے لئے متعارف کی گئی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بینک مختلف کاروباری سکیموں کے تحت کیسوں کی منظوری اور رقوم کی فراہمی کو آسان بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے یہ یقین دہانی بھی کی کہ حکومت اُبھرتے ہوئے کاروباری اَفراد کی ہر ممکن مدد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مشن یوتھ کا مقصد نوجوانوں کو اختراعی آئیڈیاز اپنانے، دیرپا کاروبار قائم کرنے اور خطے کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے تاکہ وہ خود بھی روزگار فراہم کرنے والے بن سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تجارتی میلے معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ یہ ابھرتے ہوئے کاروباری اَفراد کو اَپنی صلاحیتیں دِکھانے، بڑے بازاروں تک رَسائی حاصل کرنے اور کاروباری روابط بڑھانے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے مختلف کاروباری یونٹوں، محکماتی نمائشوں اور کاروباری اِداروں کے سٹالوں کا معائنہ کیا اور شرکا سے اِستفساری گفتگو کی ۔ انہوں نے’ مشن یووا‘سکیم کے اِستفادہ کنندگان کو منظوری نامے بھی تقسیم کئے۔اس موقع پر وزیربرائے تعلیم، صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود سکینہ ایتو نے کہا کہ نوجوان انٹرپروینیور شپ سکیموں میں بھرپور دلچسپی اور بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد استفادہ کنندگان کی پہلے ہی نشاندہی کی جا چکی ہے اور متعدد معاملات کو منظوری دی گئی ہے ۔انہوں نے زور دیا کہ معاملات کی جلد از جلد کارروائی ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان فائدہ اُٹھا سکیں۔رکن قانون ساز اسمبلی کولگام ایم وائی تاریگامی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ترقی اور خوشحالی کے مواقع سے بھرپوراستفادہ کریں۔