سرینگر// گورنر این این ووہرا نے سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون کی ہمشیرہ صفیہ لون کے انتقال پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ایک پیغام میں گورنرنے سوگوار کنبہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی روح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔ادھر حریت چیئر مین سید علی گیلانی نے شہید عبدالغنی لون کی دختر نیک اختر صفیہ غنی لون کی رحلت پر انتہائی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید لون صاحب کے ساتھ میرے برادرانہ تعلقات تھے اُن کی دختر نیک اختر کا انتقال میرے لئے ذاتی طور باعث رنج وغم ہے۔ میں مرحومہ کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دُعا گو ہوں کہ وہ مرحومہ صفیہ غنی لون کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور اُن کی مغفرت فرماکر لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ادھر اہل خانہ کی اطلاع کے مطابق مرحومہ کی فاتحہ خوانی26اکتوبر جمعرات کو قبرستان واقع ہمہامہ ہائٹس میںصبح ساڑھے دس بجے انجام دی جائیگی اور بعد ازاں دعائیہ مجلس مرحومہ کے گھر واقع بالمقابل بی ایس این ایل آفس صنعت نگر منعقد ہوگی۔