سرینگر//متحدہ مجلس علماءکے امیر اعلیٰ وحریت (ع)چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے خلیفہ راشد سیدنا حضرت عمرؓؓ کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ان کی غیر معمولی ، تاریخ ساز دینی ، ملی اور اصلاحی و اسلامی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیاہے۔ میرواعظ نے سید نا فاروق اعظمؓ کی عظیم اور جلیل القدر شخصیت کو مراد رسول قرار دیتے ہوئے ان کے عہد خلافت کو حق و صداقت اور عدل و انصاف پر مبنی ایک ایسا زرین اور درخشندہ دور قرار دیا جس کی مثال نہ اس سے پہلے ملتی ہے اور نہ ہی آئندہ ممکن ہے۔ میرواعظ نے حضرت عمرؓ کی مبارک زندگی اور عہد خلافت کو ہر دور کے حکمرانوں کے لئے مشعل راہ قرار دیااور کہا کہ اگر دنیا آج بھی امن و سلامتی ، تعمیر وترقی اور خوشحالی چاہتی ہے تو اسے حضرت عمرؓ کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے ۔ ادھر انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے کہاکہ امیرالمومنین اسلام کی تاریخ میں ایک پراستعداد خلیفہ ثابت ہوئے جنہوںنے خلافت کی ہمہ جہت کوششوں میں نمایاں و اعلیٰ کردار پیش کرکے عالم اسلام و دیگر اقوام عالم کیلئے مشعل راہ ثابت ہوئے۔ اگر آج بھی بلا مذہب و ملت انہی خدمات کو انجام دیاجائیگا تو عالم دنیا میں عدل و انصاف واستحکام امن و امان بلند ہوجائیگا۔