سرینگر// وادی میں خلیفہ اول حضرت سید نا ابو بکر صدیق ؓ کاعرس تزک واحتشام اورعقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی جہاں سرد موسم کے باوجود ہزاروں فرزندان تو حید نے نماز جمعہ ادا کی اورپیغمبر اسلام حضرت محمدؐکے موئے مقدسؐ کے دیدار سے فیضاب ہوئے۔ نماز جمعہ میں شرکت کیلئے وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں فرزندان توحید ؐنے درگاہ حضرتبل پہنچے اور ۔ درگاہ حضرت بل میں دوپہر سے قبل ہی لوگ صفوں میں بیٹھے درور و اذکار میں محو رہے جن میں خواتین کی اچھی خاصی تعداد شامل تھی ۔ زائرین کو سہولیات بہم رکھنے کیلئے صوبائی وضلع سرینگرانتظامیہ اور وقف بورڈ کے ساتھ ساتھ کئی سرکاری محکموں اور نجی اداروں و تنظیموں نے بھی خصوصی انتظامات کئے ۔ حضرتبل میں زائرین کے رش کے پیش نظر مختلف علاقوں سے یہاں پہنچنے والی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے خصوصی انتظامات رکھے گئے تھے ۔ادھر عرس کے سلسلے میں آثار شریف شہری کلاش پورہ ،جناب صاحب صورہ،سید صاحب سونہ وار کے ساتھ ساتھ بارہمولہ،پنجورہ شوپیان،کھرم سرہامہ،سیر ہمدان،کعبہ مرگ اور دیگر کئی مقامات پرواقع زیار ت گاہوں،آستانوں اور مساجد میں بھی روح پرور تقاریب کا اہتمام ہوا ۔اس دوران بارہمولہ ، کھرم سرہامہ ، سیر ہمدان ، آثار شریف پنجورہ شوپیاں میں بھی امیر المومنین سیدنا ابو بکر صدیق ؓ کے سلسلے میں خصوصی اجتماعات کا انعقاد ہوا جن میں ہزاروں عاشقان رسولؐ نے شرکت کی۔
خلیفہ اول کی اسلام کیلئے کی گئی خدمات مشعل راہ | دینی جماعتوں کی طرف سے خراج عقیدت
سرینگر//جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میرواعظ مولانا ریاض احمد ہمدانی، انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو ،حقانی میموریل ٹرسٹ سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور انجمن علائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیقؓ کے عرس پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ حضرت صدیق اکبرؓ کی خدمات عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہیں جس کی آبیاری کرنے کی آج بھی ضرورت ہے۔آثار شریف شہری کلاش پورہ نماز جمعہ سے قبل میر واعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خلیفہ اول کے انمول اور لافانی اسلامی کارناموں اور اُن ؓکی سیرت اور تعلیم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ حضرت ابوبکرصدیقؓ کی تعلیم رہتی دنیا تک عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ یار غار حضرت صدیق اکبر ؓ قدم بقدم آنحضورﷺ کے ارشادات پر چلے اور اللہ نے اُنہیں سب سے بڑا عزت کا مقام عطا کیا۔ نماز کے بعد عاشقان رسولﷺ کی بڑی جمعیت نے دیدار موئے شریف آنحضورﷺ سے فیضیاب ہوئے۔ درگاہ حضرت بل میں نمازِ جمعہ سے قبل اما م حی مولوی ڈاکٹر کمال الدین فاروقی نے خلیفہ اول ؓکی سیرت، تعلیم اور اسلام کے تئیں اُن کے تاریخ اور لافانی خدمات پر روشنی ڈالی۔ادھر انجمن حمایت الاسلام کے اہتمام سے خانقاہ اکملیہ حول اور خانقاہ شیخ سبورؒ بربرشاہ میں تقریب منعقد ہوئی جس میں انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو اور مولانا شوکت حسین کینگ نے خلیفہ اول ؓ کے گراں قدر خدمات پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ حضرت صدیق اکبرؓ نے راہ عزیمت اختیار کرتے ہوئے اسلام کے بنیادی عقائد کی حفاظت کرتے ہوئے خلافت اسلامیہ کا حق ادا کیا اور اپنا مال ، جان ، وطن اور ہر لحاظ کی قربانیاں دے کر عالم اسلام میں سبقت حاصل کی۔ مولانا قانونگو نے کہا کہ حضورؐ نے حضرت ابوبکر صدیقؓ کے فضائل بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ حضرت ابوبکرؓ نے اپنے مال و مصاحبت سے حضورؐ اور اسلام کو مرہون منت بنایااور اللہ تعالی اس کے عوض خود انعام سے سرفراز کرے گا اور دنیا میں یہی انعام مل گیا کہ حضرت ابوبکر صدیق ؓ کی چار پشتیں ایمان سے سرفراز ہوئیں ۔ مولانا قانونگو نے کہا کہ حضور اقدس ؐ نے خلیفہ اول ؓ کوغار ثور میں تعلیم دے کر آئندہ خدشات سے باخبر کیا یہی وجہ ہے حضورؐ کے وصال کے بعد تارکین نماز ، منکر زکواۃ و منکرین ختم نبوت کے مخالفوں سے ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے اسلام کا شیرازہ بکھرنے سے اسلام کو محفوظ کیا۔ مولانا قانونگو نے کہا کہ ہجرت ، صحبت، امیر حج اور انعامت حضورؐ کے روبرو میں ان کے خلیفہ برحق و اول منکرین کیلئے قاطع برہان ہیں۔انہوںنے کہاکہ آج بھی حضرت صدیق اکبرؓ کی خدمات عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہیں، جس کی آبیاری کرنے کی آج بھی ضرورت ہے۔ اس دوران سید حمید اللہ حقانی اوربشیر احمد ڈار نے حضرت صدیق اکبر ؓ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلامؐکے پہلے خلیفہ راشد اور عشرہ مبشرہ میں شامل حضرت ابوبکر صدیقؓ انبیاء اور رسولوں کے بعد انسانوں میں سب سے افضل قرار پائے۔ انہوںنے کہ اکہ نبی اکرمؐ پر ایمان لانے والے سیدنا ابو بکر صدیقؓ سب سے پہلے انسان ہیں، آپ ؐکی سچائی پر اعتبار کر نے پر اور ایمان لانے پر حضرتِ ابوبکر کو ’’صدیق ‘‘ کا لقب ملا۔ انہوںنے کہاکہ حضرت صدیق اکبرؓکی خلافت بھی رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیگی۔دریں اثناء انجمن علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے حضرت ابو بکر صدیقؓ کے عرس مبارک پر فرزندان ملت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیر المومنین حضرت سیدناصدیق اکبر ؓ کی حیات طیبہ مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ خلیفہ اولؓ نے دین اسلام کے آفاقی پیغام کو پہنچانے میں جہاں اپنی زندگی صرف کی وہی پیغمبر آخر الزمانؐ کے ہم رکاب چل کر مشکل ترین حالات میں بھی حضورؐکا دامن نہیں چھوڑا۔ مولانا اخضر نے فرزندان اسلام کو حضرت صدیق اکبرؓ کی زندگی سے سبق حاصل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انؓ کی سادہ زندگی اور انصاف سے بھری حکمرانی پر غیر مسلم بھی ان سے متاثر ہوئے۔