محمد تسکین
بانہال // پیر کی صبح سے ضلع رام بن کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مہو منگت اور جواہر ٹنل پر اس موسم کی پہلی برفباری ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ بانہال ، کھڑی ، نیل ، پوگل پرستان ، گول اور راج گڑھ کی پہاڑیوں پر بھی تازہ برفباری ہوئی ہے اور کھڑی۔ مہو سڑک سمیت کئی رابطہ سڑکیں بھی پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے منقطع ہوگئی ہیں۔ سیاحتی مقام مہو وادی میں اس موسم کی پہلی برفباری ہوئی اور زمین پر قریب دو انچ برف جمع ہے اور مہو کو جوڑنے والی سڑک پتھروں کے گرنے کی وجہ سے بند ہوگئی ہے تاہم محکمہ پی ایم جی ایس وائی کا کہنا ہے کہ کھڑی۔ مہو سڑک کی بحالی کیلئے مشینری کو کام پر لگایا گیا ہے۔واضح رہے کہ بانہال۔ قاضی گنڈ فورلین ٹنل بننے کے بعد جواہر ٹنل کی سابقہ شاہراہ پر اب صرف مقامی ٹریفک اور پیٹرول ، ڈیزل اور ایل پی جی گیس لیکر جانے والے ٹینکروں اور گاڑیوں کو ہی جواہر ٹنل کے راستے ہی چلنے کی اجازت ہے۔