عاصف بٹ+محمد تسکین+اشتیاق ملک
کشتواڑ+بانہال+ڈوڈہ//محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے عین مطابق خطہ چناب کے تینوں اضلاع میں سنیچر کو پہاڑی علاقوں میں برف باری بلکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں جس کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی جبکہ خطہ چناب کو وادی کشمیر سے ملانے والی دونوں شاہراہیں کشتواڑ سنتھن شاہراہ اور مرگن ٹاپ آمدورفت کیلئے بند کردی گئیں تاہم جموںسرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک بلاخلل جاری رہا۔
کشتواڑ
سنیچر کی صبح ضلع کے بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دن بھر جاری رہا۔بالائی علاقوں میں ایک سے تین انچ تک تازہ برفباری درج کی گئی جبکہ میدانی علاقوں میں جم کر بارشیں ہوتی رہیں جس سے آمدورفت میں بھی خلل پیدا ہوئی۔سنتھن و مرگن سڑکوں کو بھی آمدورفت کیلئے بند کردیاگیا۔اگرچہ صبح کے وقت ٹریفک جاری تھا تاہم بعد دوپہر اسے بند کردیاگیا۔ایس ڈی ایم چھاترو شوکت حیات متو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دوپہر تک متعدد گاڑیوں کو سرینگر کی طرف روانہ کیا گیاجسکے بعد سڑک کو آواجاہی کیلئے بند کردیاگیا۔انکاکہناتھا کہ این ایچ آئی ڈی سی ایل مشینری کوبھی شاہراہ پر تعینات کیا گیا ہے۔ سنتھن میں کئی انچ تازہ برفباری ہوئی ہے اور موسم بہتر ہونے کے بعد ہی شاہرہ کو آمدورفت کیلئے کھول دیاجائیگا۔ادھر مرگن ٹاپ پر تازہ برفباری کے بعد سڑک کو آمدورفت کیلئے عارضی طور بند کردیاگیا ۔کوکرناگ انتظامیہ نے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر سڑک پر آمدورفت معطل کردی۔میدانی علاقوں میں بھی دن بھر بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔
بانہال
ضلع رام بن میں ہفتے کی صبح سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پیر پنچال پہاڑی سلسلے کی بیشتر پہاڑیوں پر اس موسم کی دوسری برفباری ہوئی تاہم بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ قابل آمدورفت رہی اور معمول کا دوطرفہ ٹریفک چلتا رہا ۔بارشوں کاسلسلہ دن کے گیارہ بجے تک جاری رہا تاہم بعد میں بارشوں کا مسلسل سلسلہ تھم گیا اور وقفے سے رک رک کر بارشیں ہوئیں۔ ہفتے کی شام تک رام بن بانہال سیکٹر میں موسم ابرو آلود رہا اور موسم مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ضلع رام بن میں کھڑی ، بانہال اور گول کے پہاڑی سلسلوں پر اس موسم کی تازہ برفباری ہوئی ہے جبکہ گول اور کھڑی تحصیل کی سرحدی پہاڑی سرکینٹھا ، تراجی بلن پر کئی انچ برفباری ہوئی ہے۔ میدانی علاقوں میں تازہ بارشوں اور پہاڑوں پر تازہ برفباری کی وجہ سے موسم مزید سرد ہوگیا ۔موسم کی تبدیلی اور بارشوں کے تازہ سلسلے کے پیش نظر ٹریفک پولیس کی طرف سے سوشل میڈیا اور شاہراہ پر لاؤڈ سپیکروں کے ذریعے گاڑی والوں کو قطاروں میں چلنے اور ، اور ٹیکنگ نہ کرنے کی ہدایت دی گئی اور ٹریفک اہلکاروں کی تعیناتی سے رامسو کے سیکٹر میں لین ڈرائیونگ پر عملدرآمد کرایا گیا۔ گاڑی والوں سے بار بار اپیل کی جارہی تھی کہ بارشوں کے دوران رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں پتھروں اور پسیوں کا خطرہ لاحق رہتا ہے اس لئے تمام ڈرائیور قطاروں میں چلیں اور ایک دوسرے پر سبقت لینے کی کوشش نہ کریں تاکہ ایسے کسی حادثے سے بچا جا سکے۔
ڈوڈہ
ڈوڈہ ضلع میں بھی ہفتہ کے روز وقفہ وقفہ سے بارشوں و پہاڑوں پر تازہ برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ میں پہلے موسم ابر آلود رہا اور پھر میدانی علاقوں میں بارشوں و پہاڑی علاقوں تازہ برفباری ہوئی جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی بھی شروع ہوئی ہے۔عوامی وفود نے کہا کہ موسم سرما شروع ہوتے ہی بجلی کا بحران پیدا ہوا ہے اور ماہانہ کرایہ میں اضافہ ہونے کے بعد بھی بجلی نظام میں کوئی سدھار نہیں لایا گیا ہے۔
بارشوں کی وجہ سے دو روزہ مہو سیاحتی میلہ منسوخ
محمد تسکین
بانہال // جموں و کشمیر محکمہ سیاحت اور فوج کیطرف سے سب ڈویژن بانہال کی تحصیل کھڑی کے خوبصورت علاقہ مہو میں دو روزہ سیاحتی میلہ مہو موسم کی خرابی کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے اور اس میلہ کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ہفتے کی صبح سے ہی ضلع رام بن کے مہو میں دو روزہ ٹورسٹ فیسٹیول کے سلسلے میں بہت سارے لوگ اور محکمہ سیاحت اور فوج کی 23 راشٹریہ رائفلز کے منتظمین پہنچ چکے تھے اور ابتداء میں پروگرام کی شروعات بھی کی گئیں لیکن بارشوں کے مسلسل سلسلے اور مہو علاقے میں سردی کی وجہ سے اس میلے کو نئی تاریخوں تک ملتوی کیا گیا۔ اس میلے کو منسوخ کرنے کے بارے میں ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ کیا اور کہا کہ اس میلے کے دوبارہ انعقاد کیلئے تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔