جمعتہ الوداع کے موقع پر آج ضلع رام بن کی جامعہ مساجد میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے ماہ مبارک کے آخری جمعہ ، جمعتہ المبارک کی نماز ادا کی اور بازاروں میں لوگوں کا بھاری رش تھا۔ اس موقع پر پولیس نے حفاظت کے سخت انتظامات کئے تھے اور نماز کے دوران ٹریفک کو قابو کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے تھے۔ بانہال میں مرکزی جامع مسجد بانہال، جامع مسجد عید گاہ ، جامع مسجد ناگبل ، جامعہ مسجد مدرسہ فیض الاسلام ، پیر دستگیر صاحب کراوہ ، کنڈ عدلکوٹ ، ڈولیگام ، نوگام ، ٹھٹھاڑ ، کسکوٹ ، چریل، جامع مسجد کھڑی ، مہو منگت ، اڑپنچلہ ، ترنہ ، ترگام، بزلہ ، جامع مسجد رامسو ، اکڑال ، پوگل پرستان ، چملواس ، مرکزی جامع مسجد رام بن ، جدید جامع مسجد رام بن، جامع مسجد میتراہ ، جامع مسجد امام آباد ، چندروگ ، چندرکوٹ ، بٹوٹ ،۔ گول ، سنگلدان ، اور راجگڑھ کی درجنوں جامعہ مساجد میں ایک اندازے کے مطابق پچاس ہزار سے زائد لوگوں نے جمعتہ الوداع کی نماز میں شرکت کی۔ آج قصبہ بانہال کی پانچ جامع مساجد میں ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں نے نماز جمعہ ادا کی اور شاہراہ پر واقع بیشتر جامع مساجد کے پْر ہونے کے بعد نمازیوں نے شاہراہ پر بھی نماز ادا کی۔ مرکزی جامع مساجد بانہال کی چاروں منزلیں اور چھت کے بھر جانے کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے جامع مسجد کے باہر گذرنے والی شاہراہ پر جمعتہ الوداع کی نماز ادا کی۔ نمازیوں کے بھاری رش کے پیش نظر گاڑیوں کی نقل وحمل کچھ وقت کیلئے معطل کر دی گئی اور پولیس اور ٹریفک اہلکار ٹریفک کی نقل وحمل کو کنٹرول کر رہے تھے۔ پورے ضلع کے قصبوں اور بازاروں میں مساجد کے ساتھ ساتھ بازاروں میں لوگوں کا بھاری رش تھا اور لوگ خر ید و فروخت یں مصروف تھے۔ اسی طرح شب قدر کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شب بیداری کی اور واعظ نصحیت اور قران و حدیث کے اجتماعات منعقد کئے گئے۔
چھاترو
شبیر نائیک
چھاترو / / ریاست کے ساتھ ساتھ سب ڈویڑن چھاترو کے مختلف مقامات پر جمعتہ الوداع کے موقع پر ہزاروں فرزندان توحید نے جمعہ کی نماز ادا کی اس سلسلے میں فرزندان توحید کی بڑی تعداد نے مرکزی جامعہ مسجد چھاترو میں جمعہ کی نماز ادا کی امام جامع مسجد چھاترو مولوی عبدالواحد عوام ناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس اور بابرکات مہینے میں اپنے آس پاس رہنے والے غریبوں، مفلسوں ،ناداروں، بیواؤں ،یتیموں و مسکینوں کی مالی امداد کریں انہوں نے کہا کہ ان مستحق لوگوں کو اپنے صدقات زکات و خیرات سے تعاون کر کے اللہ کی بارگاہ میں ثواب دارین حاصل کریں انہوں نے زور دے کر کہا کہ لوگ اپنے مال کا حساب لگا کر زکو اۃ ادا کریں کیوں کہ اس پر فقرہ یتیموں بیواؤں اور مساکین کا حق ہے یاد رہے امسال چھاترو میں صدقہ فطر فی کس پینتالیس روپے مقرر کیا گیا ہے جو کہ نماز عید الفطر سے پہلے پہلے مستحقین تک پہنچانا لازمی ہے ۔اس موقع پر دنیا میں امن و امان کی خاطر خصوصی طور پر دعا کی گئی جبکہ مظلوم مسلمانوں جن میں عراق شام سیریا اور خصوصی طور کشمیری عوام کے لئے دعا کی گئی اس کے علاوہ سب ڈویڑن چھاترو کی دیگر مقامات پر قایم جامع مساجدجن میں مغلمیدان،چنگام ڈڈپٹھ،سگدی بھاٹہ ،کوچھال، چنگام، سنگپورہ وہل دیلر بونڈا ور دیگر مقامات پر لوگوں کی بڑی تعداد نے نماز جمعہ ادا کی اور بارگاہ خدا وندی میں سر بسجود رہے۔ وہیں نماز جمعہ کی ادائیگی کے فورا بعد چھاترو بازار میں عید الفطر کی خریداری کے سلسلے میں دکانوںپر لوگوں کا بھاری رش اور چہل پہل دکھائی دے رہی تھی لوگ کافی جوش وخروش کے ساتھ عید کی تیاری کے لیے نئے کپڑے و نئے نئے لباس خریدتے دکھائی دئے جس کی وجہ سے بازار میں کافی گہما گہمی نظر آ رہی تھی وہیںمختلف مقامات پر عیدالفطر کی نماز ادا کرنے کے لیے اوقات مقرر کئے گئے ہیں جس کے تحت مرکزی عیدگاہ چھاترو میں نماز عید دس بجے ادا کی جائے گی۔
بھدرواہ
طاہر ندیم خان
بھدرواہ//ماہ رمضان کے آخری جمعہ جسے عام طور سے جمعتہ الوداع کے نام سے جانا جاتا ہے ،کے جمعہ کی نماز کے لئے وادی چناب کے مساجد میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد اکٹھا ہوئی۔نمازیوں نے اللہ تعالی ٰ سے امن و آشتی کی دعا کی ہے اور اگلے سال بھی ماہ مبارک منانے کی دعا کی ۔اُمس کی گرمی کے باوجود لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے مرکزی جامع مسجد بھدرواہ، جامع مسجد گاٹھا، جماع مسجد ڈوڈہ، مسجد نور ڈوڈہ، جامع مسجد ٹھاٹھری، جامع مسجد گندوہ، جامع مسجد کلہوتریاں اور جامع مسجد کہارا میں جمعتہ الوداع کی نماز ادا کی۔بانہال، کشتواڑ، رام بن، گول، بٹوت میں بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے جمعہ کی نماز ادا کی۔ مرکزی جامع مسجد بھدرواہ میں نمازیوں کے بھاری رش سے نمٹنے کے لئے مسجد کمیٹی نے سڑک پر بھی نماز ادا کرنے کے لئے معقول انتظامات کئے تھے۔نماز جمعہ ادا کرنے کے لئے حُکام نے سیری بازار سے پسری بس اسٹینڈ تک دو گھنٹوں کے لئے ٹریفک بھی معطل کیا تھا ۔ ماہ رماضان کے آخری جمعہ کے موقعہ پر وادی چناب کی تمام مساجد میںسیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے تھے۔28مئی سے شروع ہوئے ماہ رمضان کا اختتام عید الفطر کے تہوار کے ساتھ ہی 26 جون یا 27جون کو اختتام ہوگا جسکا دار و مدار چاند نظر آنے پر ہوگا۔
بٹوت
ارشد کاظمی
بٹوت// ماہ صیام کے آخری عشرے میں آنے والی با بر کت را ت شب قدر اور ماہ صیام کے آخری جمعہ الوداع کے مبارک موقعہ پر قصبہ و گرد نواح کے علاقہ جات کی مساجد میں فرزندانِ توحید و رسالت کی ہزاروں پر مشتمل تعداد نے شب بیداری ذکر واذکار کے بعد جمعتہ الوداع کی نماز مر کزی جامعہ مسجد شریف بٹوت اور جامعہ مسجد قدیم بٹوت میں ادا کی ۔ ان با بر کت مواقعوں پر علماء کرام نے شب قدر ماہ رمضان اور جمعتہ الوداع کے مبارک موقع پر تفصیلاً روشنی ڈالنے کے علاوہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل و مشکلات کے حل اور دُنیا و آخرت کی کامرانی و کامیابی کے لئے دعائیں کی ۔ اس سلسلے میں مر کزی جامعہ مسجد بٹوت میں امام و خطیب قاری محمد خلیل الرحمن جامعہ قدیم میں مولانا شیخ غلام رسول مسجد رحمت میں مفتی حافظ عبداللہ ، مدرسہ انوارالقرآن میں مفتی محمد معراج الدین ، مدرسہ گلشن مدینہ میں مولانا محمد طارق پرے نے روح پرور خطابات کئے ۔مزید بٹوت کے نواح میں چھانیہ بھگوت (بون باڑی احمد آباد) بڑتھل تھوپالی دومونڈ فریدآباد و دیگر گائوں کی مقامی مساجد میں بھی شب قدر کے سلسلے شب بیداری و ذکر اذکار کا اہتمام کیا گیا ۔