بھدرواہ //ڈوڈہ پولیس نے منشیات کی بدعت میں اضافہ ہونے پر لوگوں کو خصوصاً نوجوانوں اور طلاب کو اس بدعت سے دور رکھنے کے لئے ضلع بھدرواہ میں جمعرات کے روز منشیات مخالف بیداری کیمپ منعقد کیا۔کیمپ کا مقصد علاقہ کے نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے باخبر کرنا تھا ۔پروگرام کے دوران اے ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ نے ایس ڈی پی او برجیش شرما کے ہمراہ ایک بروچر’’'Drug Abuse A Cause of Concern'‘‘بھی اجرا کیا گیا۔پروگرام میں بھدرواہ و ملحقہ علاقوں کے تقریباً200نوجوانوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈائریکٹر اے آئی آر عنایت اللہ گوہر مہمان ذی وقار تھے۔تحصیلدار بھدرواہ مسعود احمد اور ڈی ایف او وویک ورما بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔پروگرام کے دوران نوجوانوں کو منشیات کے مُضر اثرات سے باخبر بنانے کے لئے جانکاری فراہم کی گئی۔اس موقعہ پر منشیات کے عادی لوگوں سے نمٹنے کے علاوہ اس بدعت کو سماج سے اُکھاڑ پھینکنے کیلئے بھی جانکاری دی گئی۔اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے عارف رانا نے منشیات کی بدعت اور اس کے علاج کے لئے دستیاب سہولیات کی جانکاری دی ،بعد ازاں کونسلر بلجیت سنگھ نے منشیات ،انکے اثرات، عادی ہونے کے وجوہات ،ہیروئین کے استعمال کی علامتوںاور اسکے علاج پر مکمل جانکاری دی ۔ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر نے اس موقعہ پر کہا کہ ڈوڈہ پولیس متعددمنشیات مخالف پروگرام منعقد کر رہی ہے ،تاکہ لوگوں کو اس بدعت سے دور رکھا جا سکے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ کوٹلی،بھدرواہ پولیس کمپلیکس میں drug de-addiction کونسلنگ سنٹر کھولا گیا ہے۔پروگرام میں خطاب کرنے والوں میںتحصیلدار مسعود احمد، بی ایم او ڈاکٹر یدھ ویر سنگھ، اے ایس پی راجندر سنگھ، ایس ڈی پی او برجیش شرما اور عارف رانا کے علاوہ کئی نوجوانوں نے بھی خطاب کیا۔