محمد تسکین +عاصف بٹ+اشتیاق ملک
بانہال +کشتواڑ +ڈوڈہ //خطہ چناب کے میدانی علاقوں اور میدانی جموں میں بارشوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری ہورہی ہے۔بالائی علاقوں میں برف باری کے سبب اگر چہ سنتھن اور مرگن شاہراہیں بند کردی گئی ہیںتاہم جموںسرینگر قومی شاہراہ بحال ہے۔
جموں
صوبائی ہیڈکواٹرجموں اور مضافاتی اضلاع میں پیر کی صبح سے مسلسل بارشیں ہورہی ہیں جبکہ ریاسی کے پہاڑوںپر برف باری ہوئی ہے اور ڈوڈ و بسنت گڑھ کے علاوہ بنی بسوہلی کے خطہ چناب سے لگنے والے علاقوں میں بھی برف باری ہورہی ہے۔ادھر کٹھوعہ ،سانبہ ،جموں اور ادھم پور میں بارشیں ہورہی ہیں جس سے سردی میں اضافہ ہوا ہے اور جموںکا موسم یکایک تبدیل ہوچکا ہے ۔
کشتواڑ
کشتواڑ ضلع میں اگرچہ اتوار کو موسم بہتر رہا لیکن سوموار کی صبح بارشوں و برفباری کا سلسلہ شروع ہوا۔جہاں بالائی علاقوں میں کئی انچ تازہ برفباری درج کی گئی وہیں میدانی علاقوں میں د ن بھر بارشیں ہوتی رہیں۔ مرگن و سنتھن ٹاپ پر تازہ برفباری کے بعد انتظامیہ نے آمدورفت بند کردی۔ اگرچہ سنتھن پر صبح گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی تھی تاہم موسم ابترہوتے ہی آمدورفت کو بند کردیاگیا۔ مرگن ٹاپ کو بعد دوپہر آمدورفت کیلئے بند کردیاگیا۔مرگن و سنتھن پر برفباری کا سلسلہ آخری اطلاع ملنے تک جاری تھا۔ وہی ضلع کے دیگر مقامات پر بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری رہا جس سے درجہ حرارت میں نمایا کمی آئی۔
بانہال
ضلع رام بن کے تمام علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا اور موسلادھار بارشوں کا یہ سلسلہ پیر شام تک جاری تھا۔ اس دوران تحصیل کھڑی کے سیاحتی مقام مہو کی بستی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ہے جبکہ پیر پنچال ، جواہر ٹنل ٹاپ ، مہو منگت ،سراچی ، نیل ، پوگل پرستان اور راج گڑھ کی اونچی چوٹیوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے۔ پہاڑوں پر ہوئی اس موسم کی تیسری برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے پورے ضلع رام بن میں سرما نے مکمل طور سے اپنا تعارف اور بانہال ، گول ، بٹوٹ ، پوگل پرستان کے علاوہ اب رام بن میں بھی لوگ گرم ملبوسات کا استعمال کرنے لگے ہیں۔
ڈوڈہ
پیر کے روز صبح سے ہی ڈوڈہ ضلع کے میدانی علاقوں میں شدید بارش شروع ہوئی جو دن بھر جاری رہی جبکہ بھدرواہ، گندوہ بھلیسہ،مرمت ،گندنہ ،ٹھاٹھری کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں سردی میں اضافہ ہوا ہے۔اس دوران رابطہ سڑکیں زیر آب آئیںتاہم ٹریفک نظام معمول کے مطابق بحال رہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ شروع ہوا ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
قومی شاہراہ
دو روز کے وقفے کے بعد پیر کی صبح سے ہی صوبہ جموں کے باقی علاقوں کی طرح ضلع رام بن اور بانہال کے علاقوں میں بھی بارشوں کا شروع ہوا سلسلہ شام تک جاری تھا اور اس دوران بٹوت کے ڈھلواس میں سڑک کے دھنسے اور بانہال کے نزدیک شالگڑی میں پسی کے گر آنے سے سڑک پر آئی مختصر رکاوٹ کو چھوڑ کر شاہراہ مجموعی طور قابل آمدورفت رہی۔ بارشوں کے جاری سلسلے کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل معمول کے مطابق جاری رہی اور ایس ایس پی ٹریفک نے پیر کی صبح ہی گاڑی والوں کو لین ڈرائیونگ میں چلنے اور سفر کے دوران ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی اپیل سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر دی تھی۔ شالگڑی کے مقام پر ایک پسی سڑک پر گر آنے سے ٹریفک کی نقل و حرکت مختصر وقت تک متاثر رہی تاہم بعد میں تعمیراتی کمپنی کی مشینری کی مدد سے سڑک پر گر آئے ملبے اور پتھروں کو ہٹا کر شاہراہ کو دوبارہ قابل آمدورفت بنایا گیا جبکہ بٹوت کے ڈھلواس علاقے میں ٹریفک سست روی کا شکار ہے۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارشوں کے باوجود شاہراہ پر دونوں طرف کا ٹریفک جاری ہے اور باقی دنوں کے مقابلے میں پیر کے روز قدرے کم مسافر ٹریفک نے شاہراہ پر سفر کیا۔ ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر لکھا کہ ڈھلواس کے مقام سڑک دھنس رہی ہے اور وہاں پر ایک فلائی اوور تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ڈرائیوروں سے لین ڈرائیور میں چلنے کیلئے کہا ہے۔ شالگڑی دورہ کرنے پر ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن روہت بسکوترا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اف انڈیا کی مشینری کی مدد سے شاہراہ پر شالگڑی کے مقام گر آئی ایک پسی کو فوری طور صاف کرکے ٹریفک کو بحال کیا گیا ہے ۔