سمت بھارگو +عظمیٰ یاسمین+جاوید اقبال +رمیش کیسر
راجوری +پونچھ // طویل خشک سالی کے بعد بالآخر خطہ پیر پنچال کے آر پار موسم نے کروٹ لی ہے۔ علاقے میں طویل عرصے سے جاری خشک سالی نے جہاں عوام اور کسانوں کو شدید مشکلات سے دوچار کیا تھا، وہیں قدرت کے اس تازہ کرشمے نے سب کے دلوں کو خوشی سے بھر دیا ہے۔ جمعہ کے روز بعد دوپہر ہلکی بوندا باندی شروع ہوئی جو شام ہوتے ہوتے تیز ہو گئی۔ اس موقع پر سب ڈویژن تھنہ منڈی کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر ہلکی سے اوسط اس درجے کی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش نے ماحول کو خوشگوار بنا دیا ہے۔کسانوں کے لئے یہ بارشیں کسی نعمت سے کم نہیں۔ کئی ماہ کی خشک سالی اور پانی کی قلت کے باعث زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہو رہا تھا، لیکن اس بارش سے کھیتوں کو پانی ملنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ علاقے کے کسان اب اپنی زمینوں پر فصلوں کی بہتر پیداوار کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں برف و باراں کا سلسلہ مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ان بارشوں سے نہ صرف زیر زمین پانی کی سطح بہتر ہوگی بلکہ علاقے کے ماحولیاتی نظام پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ وہیں اس بارش سے فصلیں اچھی ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ عوام نے بھی اس بدلتے موسم کا خیر مقدم کیا ہے۔ بچوں سے لے کر بزرگوں تک ہر کوئی اس خوشگوار تبدیلی سے لطف اندوز ہو رہا ہے۔ اس خوشگوار تبدیلی نے خطے کے لوگوں میں ایک نئی امید پیدا کر دی ہے، اور وہ دعا گو ہیں کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے تاکہ ان کی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔ڈسٹرکٹ نوشہرہ میں جمعہ کی صبح سے ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہوا، جس سے گزشتہ چار ماہ سے جاری خشک سالی کا خاتمہ ہو گیا۔ پہاڑی اور میدانی علاقوں میں یہ بارش شام تک جاری رہی، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی اور سردی میں اضافہ محسوس کیا گیا۔بارش کے بعد کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، کیونکہ اب وہ گیہوں کی فصل کی بوائی شروع کر سکیں گے۔ چار ماہ سے جاری خشک سالی کے باعث کسان پریشان تھے اور زمینیں بنجر ہو چکی تھیں، لیکن بارش نے انہیں امید دلائی ہے کہ فصلوں کی کاشت دوبارہ ممکن ہو گی۔علاقے کے لوگوں نے اس بارش کو قدرت کی رحمت قرار دیا، کیونکہ خشک ہوا کی وجہ سے کئی طرح کی بیماریاں پھیل رہی تھیں۔ بارش کے باعث موسم میں بہتری آئی ہے اور لوگوں کو سکون ملا ہے۔کسانوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اگر بارش کا سلسلہ مزید جاری رہا تو زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور علاقے کی معیشت کو سہارا ملے گا۔ عوام نے بھی بارش کے بعد موسم کی خوشگوار تبدیلی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔سب ڈویژن مینڈھر کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں جمعہ کے روز کئی ماہ کے طویل خشک موسم کے بعد ہلکی بارش کا آغاز ہوا، جو شام دیر تک جاری رہی۔ بارش کی وجہ سے کسانوں اور عوام نے راحت کی سانس لی۔طویل خشک سالی کے باعث زمینداروں کو شدید نقصان کا سامنا تھا، کیونکہ فصلیں تباہ ہو گئی تھیں اور زمینیں بنجر ہو رہی تھیں۔ بارش کے بعد کسانوں کو امید ہے کہ زمین میں نمی لوٹ آئے گی اور فصلوں کی بحالی ممکن ہوگی۔سردی کی شدت میں اضافے کے باعث مقامی آبادی کو صحت کے مسائل کا سامنا تھا، جن میں موسمی بیماریاں شامل تھیں۔ بارش کے بعد لوگوں کو توقع ہے کہ موسم قدرے معتدل ہوگا اور صحت کے مسائل میں کمی آئے گی۔علاقے کے کسان طبقے نے بارش کو قدرت کا انعام قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر بارش کا سلسلہ جاری رہا تو آنے والے دنوں میں زرعی پیداوار بہتر ہو سکتی ہے۔ عام لوگوں نے بھی بارش کو سکون اور راحت کا ذریعہ قرار دیا۔