چھترگل کنگن میں سینکڑوں درخت خاکستر
غلام نبی رینہ
کنگن/ / چھتر گل کنگن کے جنگلات میں بھیانک آگ کی واردات میں سینکڑوں سر سبز درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔مانسبل کے سندھ رینج چھتر گل کنگن کے کمپارٹ منٹ نمبر 18اور 19میں اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے جنگلات کے کئی حصوں کو لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے سینکڑوں سر سبز درخت خاکستر ہوگئے ہیں ۔ محکمہ جنگلات کے اہلکار وں کو آگ پر قابو پانے کے لئے جنگل کی طرف روانہ کیا گیا لیکن آگ اس قدر بھیانک تھی کہ اس پر قابو پانے میں محکمہ کے ملازمین کو کافی دشواریاں پیش آئیں ۔ ڈی ایف او گاندربل شبیر احمد نے تصدیق کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وہ خود بھی جائے وقوع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی نگرانی کررہے ہے اور جلد ہی آگ پر قابو پایا جائے گا۔
بانڈی پورہ میں3کمپارٹمنٹوں میں تباہی
عازم جان
بانڈی پورہ //بانڈی پورہ کے جنگلات میں ہولناک آگ سے وسیع پیمانے پرسرسبز درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئے ہیں۔ کمپارٹمنٹ 109 آیت مولا میں سوئل کنزرویشن کی نرسری میں لگی ہولناک آگ رات کے دوران بستی کے سیب باغوں تک پہنچ گئی تو لوگ صبح سویرے گھروں سے نکلے اور آگ بجھانے میں مصروف ہوگئے ۔ ارن، بوٹھو، آٹھوتو کے کمپارٹمنٹ 110 ، 109 ،108و دیگر مقامات پر لگی آگ بڑے پیمانے پر جاری ہے جس کے باعث بے شمار درخت خاکستر ہورہے ہیں ۔ محکمہ جنگلات کے ملازمین آگ بجھانے کیلئے رینج آفیسر کہیوہامہ محمد مقبول لون کی قیادت میں پہنچ گئے۔ محمد مقبول لون نے بتایا ہے کہ تمام ملازمین آگ بجھارہے ہیں جبکہ کئی مقامات پر آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
شکارگاہ کا سیاحتی مقام انگاروں کی لپیٹ میں
سید اعجاز
ترال//ترال کے نارستان اور شکار گاہ کے جنگلات میں گزشتہ شام سے آگ جاری ہے جس کے نتیجے میں دونوں جگہوں پر لاکھوں روپے مالیت کے سرسبز درخت جل کر خاکستر ہوئے ہیں مشہور سیاحتی مقام شکار گاہ ترال میں گزشتہ شام آگ اچانک نمودار ہوئی ہے جس نے آناً فاناً جنگلات کے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لیا جہاں سینکڑوں کی تعداد میں سرسبز درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئے ہیں مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہم حیران ہیں جنگلات کو بار بار آگ کیسی لگتی ہے کیونکہ مزکورہ جنگلات کے حصے پر مکمل تار بندی کی گئی ہے جس کے اندر کوئی بھی عام انسان داخل نہیں ہو سکتا ہے جبکہ جمعہ کے روز شام دیر گئے تک علاقے میں آگ برا بر جاری تھی تاہم علاقے آگ بجھانے کی کام میں جنگلات اور وائلڈ لائف کا عملہ مصروف ہے ادھر آری پل تحصیل کے تحت آنے والے وانٹی ناڑ علاقے کی جنگلات میں جمعہ صبح سے ہی آگ نمودار ہوئی ہے جو شام دیر گئے تک جاری تھا مقامی لوگوں نے بتایا آگ اس قدر شدید ہے سینکڑوں کنال اراضی پر پھیلے درختوں کو آگ کی شعلوں نے اپنی لپٹ میں لیا ہے جسکی وجہ سے جنگلات کے ایک بڑی حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔
لولاب میں سبز سونا راکھ کے ڈھیر میں تبدیل
اشرف چراغ
کپوارہ//سرحدی وادی لولاب کے متعدد جنگلات میں آگ کی لپیٹ میں آگئے ہیں جس کے نتیجے میں سینکڑوں سر سبز درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے ہیں ۔علاقہ کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ لولاب وادی کے چکلہ اور بٹہ ناڑ کے مالا مال خوبصورت جنگلات زیر کمپارٹمنٹ 82NL..اور81میں جمعرات کی شام کو بھیانک آگ کی لپیٹ میں آگئے ہیں جس کے نتیجے میں گزشتہ دوروز کے دوران سینکڑوں سرسبز درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے ہیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے محکمہ جنگلات کے اہلکار اور مقامی لوگو ں نے اگرچہ آگ بجھانے میں سخت کوشش کی تاہم ابھی تک آ گ پر قا بو نہیں پایا گیا اور یہ آ گ مذید پھیل گئی جس کی وجہ سے مقامی لوگو ں میں کافی تشویش پائی جارہی ہے ۔واضع رہے کہ وادی لولوب کے سر سبز اور شاداب جنگلات کو پوری وادی میں ایک امتیازی حثیت حاصل ہے لیکن گزشتہ کئی سالو ں کے دوران ان جنگلات میںکئی بار آگ نے تباہی مچادی ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال میں بھی لولاب کے کئی علاقوں میں گھنے جنگلات میں آگ کی متعدد وارداتیں رو نما ہوئی جس کے دروان سینکڑوں سر سبز درختو ں کے علاوہ جنگلی جانورو ں اور پرندے بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔