سمت بھارگو
راجوری//کشمیرعظمیٰ اور گریٹر کشمیر کی جانب سے چوہدری ناڑ سے اْجھان، لیرن تک اور آگے درہال کی طرف جانے والی مرکزی سڑک کی خستہ حالی کو اجاگر کرنے کے چند دن بعد ہی متعلقہ حکام متحرک ہو گئے ہیں۔ محکمہ تعمیرات عامہ راجوری نے اس خستہ حال سڑک کے ضروری مرمتی کام کے لئے ٹینڈر جاری کر دیا ہے، جس کے بعد عنقریب اس اہم رابطہ سڑک کی مرمت کا کام شروع ہوگا۔یہ سڑک راجوری ٹاؤن کو تحصیل ہیڈکوارٹر درہال سے جوڑنے والا اہم رابطہ راستہ ہے۔ چوہدری ناڑ بس اسٹینڈ سے لے کر لیرن، ملہوٹ، اْجھان ہوتے ہوئے درہال تک اس کی حالت انتہائی ابتر بتائی جاتی ہے۔ جگہ جگہ بڑے گڑھے، ٹوٹ پھوٹ اور سطح کا اکھڑ جانا نہ صرف ٹریفک میں رکاوٹ بنتا ہے بلکہ آئے روز حادثات کا سبب بھی بن رہا ہے، جس پر مقامی لوگوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔کشمیر عظمیٰ نے عوامی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے اس سڑک کی مرمت اور بحالی کے لئے بھرپور عوامی مطالبے کو نمایاں کیا تھا، جس کے بعد بالآخر محکمہ ذمہ داران نے کارروائی کرتے ہوئے ٹینڈر جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) راجوری کے ایکس ای این کے دفتر کی جانب سے جاری ٹینڈر کے مطابق ابتدائی دو کلومیٹر کے حصے میں گڑھوں کی مرمت، بھرتی اور سطح کی مضبوطی کا کام کیا جائے گا۔ ٹینڈر دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ اس کام کی تکمیل کے لئے دو ماہ کا وقت مقرر کیا گیا ہے، تاکہ سردیوں سے قبل سڑک کے سب سے زیادہ متاثرہ حصے کو قابلِ آمدورفت بنایا جا سکے۔علاقہ مکینوں نے کشمیر عظمیٰ کی رپورٹنگ کی سراہنا کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کی بدولت برسوں سے نظرانداز شدہ اس اہم سڑک کی مرمت کا عمل اب ممکن ہو سکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مزید حصوں کی مرمت بھی جلد عمل میں لائی جائے گی تاکہ پورا روٹ محفوظ اور قابلِ استعمال ہو سکے۔محکمے کے مطابق مرمتی کام مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا اور اس دوران عوام کو کم سے کم تکلیف دینے کی کوشش کی جائے گی۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر اس کام کو معیار کے مطابق پورا کیا جائے گا۔