اسمبلی میں آج تعزیتی قرارداد کا دن،مختصر اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان
بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر اسمبلی کے سرمائی سیشن کا آغاز آج جمعرات سے سرینگر میں منعقد ہونے جارہا ہے۔ 9دن تک جاری رہنے والے اس سیشن میں کل 6 نشستیں ہوں گی، جن کے دوران اپوزیشن جماعتیں ،نیشنل کانفرنس کی قیادت والی مخلوط حکومت کو ایک سالہ کارکردگی رپورٹ اور عوامی نوعیت کے مسائل پر گھیرنے کی تیاری میں ہیں۔حکومت نے اسمبلی کی کارروائی کے اہم نکات کو نوٹ کرنے کیلئے10سینئر افسران کو نامزد کیا ہے اور انہیں ہدایات کی گئی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر وہ نوٹ کئے گئے اہم نکات کو متعلقہ محکموں کے سیکریٹریوں کو روانہ کریں۔آج پہلے دن کی کارروائی تعزیتی قرارداد کیساتھ شروع ہوگی۔تعزیتی قرار داد میں فوت شدہ اراکین اسمبلی و پارلیمنٹ کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔جمعہ کو دوسرے روز راجیہ سبھا کی چار نشستوں کیلئے ووٹنگ ہونے کے باعث کارروائی ملتوی رہے گی جبکہ ہفتہ اور اتوار کو تعطیل رہے گی۔سرکاری ذرائع کے مطابق، 27 اکتوبر بروز پیر گورنمنٹ بزنس کے تحت سوال و جواب ہونگے،28 اکتوبر کو نجی اراکین کے بل پیش کیے جائیں گے، 29اکتوبر کو نجی اراکین کی قراردادیں زیرِ بحث آئیں گی، جبکہ جمعرات اور جمعہ کو سرکاری بزنس پر غور کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سیشن کے دوران اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی سکیموں کے اعلانات بھی متوقع ہیں۔ تاہم، اپوزیشن نے عندیہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر واضح یا غیر شفاف پالیسی کو سختی سے چیلنج کرے گی۔سیشن کے آغاز سے قبل عوامی حلقوں میں بھی توقعات بڑھ گئی ہیں کہ ایوان میں عام شہریوں سے وابستہ مسائل ، بجلی، راشن، روزگار، صحت، تعلیم اور سیاحت پر جامع بحث ہوگی۔