سمت بھارگو+رمیش کیسر
راجوری//راجوری ضلع میں جاری خراب موسمی حالات کے پیش نظر انتظامیہ نے نوشہرہ ٹنل کو تمام قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے کھول دیا ہے تاکہ رابطے میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔محکمہ کے افسران نے بتایا کہ یہ فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ مسلسل بارشوں کے سبب پہاڑی علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے اور سڑکوں کے بند ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ٹنل کے استعمال سے گاڑیوں کو ایک محفوظ اور ہموار راستہ فراہم ہوگا اور مسافروں کو مشکلات کم ہوں گی۔ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے دوران حفاظتی اصولوں پر عمل کریں اور پھسلن والی سڑکوں کے پیش نظر محتاط رہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ، پرتیم لال تھاپا نے بتایا کہ خراب موسم اور ہنگامی صورتحال کو دیکھتے ہوئے نوشہرہ ٹنل کو فوری طور پر کھولنے کا فیصلہ لیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو آمدورفت میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔