گیلانی کے نام ای ڈی نوٹس قابل مذمت:حریت(گ)
سری نگر// سیدعلی گیلانی کے نام ای ڈی کی نوٹس کوقابل مذمت قراردیتے ہوئے حریت(گ)نے کہاہے کہ بزرگ مزاحمتی قائد صبر استقلال کے کوہ گراں ہیں۔موصولہ بیان میں حریت کانفرنس (گ)کے ترجمان نے بھارتی انفورس ایجنسی یعنی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے چیرمین سید علی گیلانی کو نوٹس اجراءکرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہماری قیادت بالخصوص سید علی گیلانی کو فرضی کیسوں میں پھنسا کر مرعوب کرکے تحریک کی بے باک ترجمانی سے باز نہیں رکھا جاسکتا ہے۔ترجمان کے مطابق سیدعلی گیلانی صبر استقلال کے کوہ گراں ہیں،اور انہیں فرضی کیسوں میں پھنسا کر ظلم و بربریت اور کشمیر پر فوجی قبضے کے خلاف پُرامن جدوجہد سے روکا نہیں جاسکتا۔بیان کے مطابق حریت(گ)چیئرمین جنوبی ایشیاءمیں امن آشتی میں سب سے بڑی رُکاوٹ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کےلئے چٹان کی طرح ڈٹے ہیں اور ڈٹے رہیں گے۔ اس لیے بھارتی پالیسی سازوں کو چاہیے کہ وہ اس طرح کے اوچھے اور طفلانہ ہتھکنڈوں سے حکمرانوں کو باز رکھیں۔
ہیلتھ ورکروں کابھرتی عمل
پلوامہ میں سیکریننگ ٹیسٹ کیلئے 30دسمبر مقرر
پلوامہ//چیف میڈیکل آفیسر پلوامہ کے مطابق ضلع میں ملٹی پرپز ہیلتھ ورکروں (ایم پی ایچ ڈبلیو) کی اسامیوں کے لئے سیکریننگ ٹیسٹ30دسمبر2017ء کو لیا جائے گا۔ضلع کے سب سینٹر علی گنڈ، نانر،پنر اور ناگبیری کے لئے اہل امیدواروں کی خاطر سیکریننگ ٹیسٹ کے لئے جگہ کے بارے میں بعد میںا طلاع فراہم کی جائے گی۔
بلال صدیقی سنٹرل جیل منتقل
سرینگر//تحریک مزاحمت کے مطابق تنظیم کے سربراہ بلال صدیقی کو راجباغ تھانے سے سنٹرل جیل سرینگر منتقل کیا گیا۔ترجمان شبیر احمد زرگر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس کی ایک بھاری جمعیت نے منگل کی شام ان کے گھر واقع کرسو راجباغ سے انہیں گرفتار کر لیا۔انہوں نے کہا کہ اگر حکام یہ سمجھ رہے ہیں کہ انہیں گرفتار کرنے یا جیل منتقل کرنے سے وہ تحریک آزادی کی آبیاری سے دستبردار ہونگے یا ان کے حوصلے پست ہونگے تو یہ اُن کی غلط فہمی ہے۔
عطائی اور امتیاز حیدر گرفتار
سرینگر//پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کے ترجمان حمید الٰہی نے تنظیم کے سینئر نائب صدر محمد یاسین عطائی ،تحریک حریت کے سرگرم کارکن سیدامتیاز حیدراور دیگر قائدین و کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اے سرکار کی بوکھلاہٹ اور انتقام گیری قرار دیاہے۔ترجمان نے کہا کہ محمد یاسین عطائی کو 11دسمبر کو رہا کیا گیا تھا اور اور 13دسمبر کی رات کو پھر پولیس سٹیشن بڈگام میں نظر بند کیا گیا۔ مزاحمتی کارکن سید امتیاز حیدر کوبھی دو دن قبل ہی بڈگام تھانے کی نظربندی سے رہاکیا گیا تھا لیکن بدھ کی شام کو پھر حراست میں لیکر تھانہ میںبند کیا گیا۔
سوئبگ میںریونیو کیمپ کا انعقاد
بڈگام//ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام محمدہارون ملک کی ہدایت پر تحصیل بڈگام کے سویہ بگ گائوں میںتحصیل ریونیو افسران نے ایک منی ریونیو کیمپ کا انعقاد کیا جس میں بڑی تعدادمیں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔اس موقعہ پر مستحقین میں 452مستقل رہائشی اسناد تقسیم کی گئیں۔لوگوں نے اس طرح کے کیمپوں کے انعقاد کی سراہنا کرتے ہوئے مزید کیمپوں کے انعقاد کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔اس موقعہ پر تحصیلدار بڈگام نے کہا کہ عام لوگوں کے مثبت ردعمل کے پیش نظر یہ ضروری بن گیا ہے کہ ضلع سطح پر اسی طرح کے مزید کیمپوں کا انعقاد کیا جائے۔
60ہزار عارضی ملازمین کی مستقلی کا فیصلہ تاریخ ساز قدم
سرینگر //پی ڈی پی یوتھ جنرل سیکریٹری و ممبراسمبلی رفیع آباد یاور دلاور میر نے 60ہزار عارضی ملازمین کی مستقلی کے فیصلے کو ایک تاریخ ساز فیصلہ قراد دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ایسے ہزاروں کنبے فیضیاب ہوں گے جنہوں نے اُمید کا دامن چھوڑ دیا تھا ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ کی طرف سے اٹھایا گیا یہ عوام دوست اقدام ہزاروں عارضی ملازمین کے کنبوں کیلئے ایک بہت بڑی خوشی مقام ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان عارضی ملازمین کو وقت وقت پر مختلف سیاسی جماعتوں نے استعمال کیا اور ان سے جھوٹے وعدے کئے گے لیکن عملی طور پر اُن کی مستقلی کے حوالے سے کوئی بھی اقدامات نہیں کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ نے یہ تاریخ سازا علان کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ معاشرے کے غریب لوگوں کے مسائل حل کرنے اور لوگوں کی فلاوبہود کیلئے کئے گے اپنے وعدوں پر کار بند ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے اس جرات مندانہ فیصلے کو ریاست کی تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا ۔
وزیراعلیٰ سپر کوچنگ
طلاب کو15 دسمبر سے قبل رپورٹ کرنے کی ہدایت
سرینگر// وزیراعلیٰ سپر50 کوچنگ اقدام کے تحت باقی ماندہ سیٹوں کو پُر کرنے کے سلسلے میں ویٹنگ لسٹ شائع کیا جارہا ہے اور اس پر16 دسمبر2017 سے باقاعدہ طور عمل کیا جائے گا۔جوطلاب اس پروگرام کے تحت منتخب ہوئے ہیں اور جنہوں نے ابھی تک رجسٹریشن کے لئے رپورٹ نہیں کیا ہے ، سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررشدہ مراکز پر15 دسمبر یا اس سے قبل رپورٹ کریں۔
صحافیوں کی بہبودی کو یقینی بنایاجائے
ایسوسی ایشن کی حکومت اورصحافتی اداروں سے اپیل
کشمیروائر
سرینگر//پرنٹ ،الیکٹرانک اورآن لائن میڈیا سے وابستہ براڈکاسٹ اینڈ ملٹی میڈیاجرنلسٹس ایسوسی ایشن نے حکومت اورمیڈیااداروں سے صحافیوں کی بہبودی کویقینی بنانے پرزوردیا ہے۔ایسوسی ایشن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ براڈکاسٹ اینڈ ملٹی میڈیاجرنلسٹس ایسوسی ایشن کاایک اجلاس یہاں منعقد ہواجس میں حکومت اور میڈیااداروں پرزوردیا گیا کہ وہ صحافیوں کی بہبودی اورفلاح کے اقدامات کریں۔ترجمان کے مطابق متعدد اخبارات اور ٹیلی ویژن چینلوں سے وابستہ صحافیوںنے اس اجلاس میں شرکت کرکے انہیں درپیش مسائل کواُجاگر کیا۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں صحافیوں کیلئے رسک کور،اجرتوں میں اضافہ،سالانہ انکریمنٹ اور دیگر پیشہ ورانہ سیکورٹیزفراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایسوسی ایشن نے ڈائریکٹرانفارمیشن سے مطالبہ کیا کہ نان ایکریڈیٹڈ جرنلسٹس کوبھی شناختی کارڈ فراہم کئے جائیں ۔
منریگا ملازمین کی ہڑتا ل چوتھے روز میں داخل
سرینگر//مرکزی معالی معاونت والی اسکیم منر یگاکے تحت کا م کر رہے ملازمین کی ہڑتا ل جمعرات کو چوتھے روز میں داخل ہو ئی ۔منریگاملازمین نے ڈیوٹی پر لوٹ آ نے کے سر کاری مشورے کودھمکی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں کئے جا تے تب تک ہڑتال جاری رہے گی۔ لال منڈ ی سر ینگر میں کشمیر صو بہ کے ملازمین نے ایسوسی ایشن صدر جان محمد کی قیادت میں احتجاج کیا ۔ پروگرام آ فیسر، گرام روزگار سا ہائیک،ٹیکنیکل اسسٹنٹ اور ایم آ ئی ایس آ پریٹر س وغیر ہ بھی احتجاج میں شا مل تھے ۔جان محمدنے اس بات پر تشویش ظا ہر کی کہ انہیں حکومت کی طرف سے دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں کہ ہڑتا ل ختم نہ کرنے کی صورت میں احتجاجی ملازمین کو نوکر یوں سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کے دھونس دبائو میں نہیں آ ئیں گے بلکہ تمام مطا لبات پور ے ہونے تک اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے اور جب تک ان کے مطالبات پورے نہیںکئے جاتے تب تک ہڑتا ل جاری رہے گی ۔
فرنٹ کا عبدالمتین کی وفات پر اظہار رنج
ناظم اطلاعات کے ساتھ تعزیت پرسی کا سلسلہ جاری
سرینگر//لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے خواجہ عبدالمتین ساکن شاہ آباد ڈورو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جدوجہد اور قربانیوں کو عقیدت بھرا سلام پیش کیا ہے۔ موصولہ بیان کے مطابق مرحوم ایک مخلص حریت پسند تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی۔ لبریشن فرنٹ نے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔ادھر مولانا سید محمد اسلم اندرابی کرالہ پورہ، سید خالد حسن گیلانی سجادہ نشین آستان عالیہ خانیار،مولاناشوکت حسین کینگ ،مولانا نورالدین شاہ آبادی،ایڈوکیٹ شیر علی بودھ ڈورو ،ابو طارق غلام نبی میر ڈورواورمسعود احمد بودھ صدر بیوپار منڈل ڈورونے ناظم اطلاعات منیرالاسلام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اس دوران جے کے پی سی سی وائس چیئرمین خالد جہانگیر نے بھی منیرالاسلام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔کسٹوڈین جرنل جموں وکشمیر اعجاز احمد بٹ نے ناظم اطلاعات منیر الاسلام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے ۔محکمہ کسٹوڈین کی ایک تعزیتی میٹنگ کسٹوڈین جنرل کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی ۔دریں اثناء ایس ایس پی اننت ناگ الطاف حسین خان اورڈپٹی کمشنر پلوامہ غلام محمد ڈار نے منیر الاسلام کے گھر جا کر تعزیت پرسی کی ۔جموں کشمیر سٹوڈنٹس یونین نے بانی چیئرمین عبدالمتین کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔بیان کے مطابق یونین کا ایک تعزیتی اجلاس ندیم الحق کی صدارت میں منعقد ہوا،جس میں سرفراز حسین،پرویز احمد ڈار اور دیگر طلاب کی کافی تعداد موجود تھی۔اجلاس میں مرحوم کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انکی قیادت کو سنہرے باب سے تعبیر کیا گیا۔
بڈگام قصبے میں بجلی بحران،تاجر نالاں
سرینگر//بڈگام قصبہ میں بجلی کی ابتر صورتحال کے نتیجے میں تاجر شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔تاجروں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے معقول بجلی فراہم کی جائے ۔ٹریڈرس ایسوسی ایشن بڈگام کے صدرحاجی علی محمد ملک نے بس اڈہ بڈگام میں بجلی کی ابتر صورتحال پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ پی ڈ ی پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اگر سردیوں کے ان ایام میں ضلع انتظامیہ نے پہلے ہی انہیں ہدایت دی ہے کہ تاجروں کے مسائل کا ازلہ کرنے کیلئے انہیں معقول اور شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کریں تاہم محکمہ بجلی اس ہدایت پر کوئی عمل درآمد نہیں کر رہا ہے جس کے سبب تاجر شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔انہوں نے ڈی سی بڈگام اور چیف انجینئرمحکمہ بجلی سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی سپلائی میں بہتری لاکر اُن کے مسائل کو حل کیا جائے ۔
خورشید عالم نے پرولیج ہاؤس کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی
جموں// قانون ساز کونسل کی پریولیج کمیٹی کی میٹنگ ایم ایل سی محمد خورشید عالم کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ارکان قانون سازیہ ٹھاکر بلبیر سنگھ، سریندر چودھری اورآغا محمود الموسوی نے میٹنگ میں شرکت کی اور کمیٹی کو مزید فعال بنانے کے سلسلے میں اپنی قیمتی آراء پیش کیں۔کشمیر ہاؤس نئی دہلی کے سابق ریذیڈنٹ کمشنر لوکیش جھا نے اپنے محکمہ کی کارکردگی سے کمیٹی کو روشناس کیا۔ انہوں نے کہا کہ اُن کے محکمہ کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ ارکان قانون سازیہ کی مہمان نوازی کا خاص خیال رکھیں لیکن رہائشی سہولیات کی کمی کے باعث اس کوشش میں کوتاہی نظر آتی ہے۔بعد میں خورشید عالم نے دیگر ہاؤس کمیٹیوں کی صدارت کی۔ارکان قانون سازیہ شوکت حُسین گنائی اور رمیش اروڑہ نے میٹنگ میں شرکت کی اور اپنی آراء پیش کیں۔سپیشل سیکرٹری کونسل محمد اشرف میر وانی نے بھی پچھلی ہاؤس کمیٹی کی کارکردگی کی تفاصیل میٹنگ میں پیش کیں۔
وزیراعلیٰ کی یقین دہانیاں
عبدالحق نے بارہمولہ میں عمل آوری کاجائزہ لیا
بارہمولہ//قانون ،انصاف و پنچایت راج کے وزیر عبدالحق خان نے ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں ضلع و سیکٹورل آفیسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں وزیر اعلیٰ کی طرف سے ماہ اکتوبر میں منعقدہ پبلک دربار میں لوگوں کی مسائل سننے اور ان کو حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد دئے گئے احکامات و ہدایات کو عملانے کے سلسلے میں جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں ضلع کمشنر نے وزیر موصوف کو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے زریعے ان تمام 197ترقیاتی کاموں اور انتظامی نوعیت کاموںکے بارے میں مدلل جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کاموں پر 5.81کروڑروپے واگذار کئے گئے ۔وزیر موصوف نے آفیسروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام ترقیاتی کاموں کے DPRبنانے اور ان پر جلد سے جلد کام مکمل کرنے کے لئے اور زیادہ متحرک ہو جائیں تاکہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے پبلک دربار میں لوگوں سے کئے وعدے پورے کئے جائیں۔
ویر ی کا جموں میں ایس ڈی ایم اور تحصیل دفاتر کا اچانک معائنہ
جموں//وزیر برائے مال ، امداد و باز آباد کاری ، ڈیزاسٹرمنیجمنٹ، تعمیرنو اور پارلیمانی امور عبدالرحما ن ویری نے جموں میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ اور تحصیل دفاتر کا اچانک معائینہ کیااور ان دفاتر کے مختلف شعبوں کے ریکارڈ کی جانچ کی۔ وزیر کے ہمراہ کمشنر سیکرٹری مال اور ڈپٹی کمشنرجموں تھے۔ویری نے جانی پور کے ایس ڈی ایم اور تحصیل دفاتر کا معائینہ کر کے پرمنٹ ریذیڈنٹ سر ٹیفکیٹ کی اجرائی وغیرہ کاموں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔وزیر نے اِن دفاتر میں دیگر ریکارڈ کابھی معائینہ کیا۔اُنہوں نے تمام اِلتوأ میں پڑے اراضی کے انتقال کے معاملات کو نمٹانے میں سرعت لانے کی بھی ہدایت دی اور متعلقہ حکام کو اپنے حدِ اختیار والے علاقوں میں زیر قبضہ سرکاری زمین کی بازیافت یقینی بنائیں۔
جمال افغانی کی برسی پرتعزیتی تقاریب
سرینگر//پیپلز فریڈم لیگ نے معروف حریت پسندرہنماعبد الخالق گنائی المعروف جمال افغانی کو ان کی 24ویں برسی پر سرینگر اور ان کے آبائی گھر بانڈی پورہ میں دعا ئیہ مجالس کا انعقاد کیاگیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیاگیا۔لیگ بیان کے مطابق سرینگر میں لیگ کے دفتر پر ایک دعائیہ مجلس منعقد ہوئی جس کی صدارت تنظیم کے چیف آرگنائز امتیاز احمد شاہ نے کی۔ اس موقعہ پر دیگر پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کے علاوہ گلزار احمد کھانڈے ، ارشد عزیز اور شوکت احمد بٹ نے بھی شرکت کی۔ اس موقعہ پر مقررین نے جمال افغانی کو خراج عقیدت ادا کیا۔عبد الخالق گنائی المعرو ف جمال افغانی اپنی سیاسی جدوجہد کے بعدعسکریت میں شامل ہوئے تھے اور جہاد فورس کے چیف کمانڈر بن گئے تھے اور15دسمبر1993کوسرینگر کپواڑہ شاہراہ پر گرفتار کرکے دوران حراست جاں بحق کیا گیا۔اس موقعہ پر محمد فاروق رحمانی کا پیغام بھی پڑھا گیاجس میں انہوں نے مرحوم کو نظرانہ عقیدت پیش کیا گیا۔
تحریک حریت کا اظہار تعزیت
سرینگر//تحریک حریت نے ڈاکٹر نظیر احمد شیخ کی والدہ اور رکن تحریک حریت شیخ غلام محی الدین کے پوتے ساکنان بارہ مولہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دونوں سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متوفین کے ایصال ثواب اور متاثرہ خاندانوں کے صبر و استقامت کے لئے دعا کی ہے ۔
کرگل میں ایگریکلچر محکمہ کی عمارت خاکستر
سرینگر//کرگل میں محکمہ ایگریکلچر کی عمارت آگ کی ایک واردات میں خاکستر ہوگئی ۔ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کی عمارت سے جمعرات کی صبح آگ نمودار ہوئی۔ فائر سروس عملہ نے موقعہ پرپہنچ کر آگ پر قابو پالیا تاہم عمارت کا بیشتر حصہ خاکستر ہوچکا ہے۔ پولیس نے کیس درج کرکے آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے تحقیقات شروع کردی ہے۔
خواتین کے خود روز گار یونٹوں کا معائنہ
جموں / /وائس چیئرپرسن جموں وکشمیر وومن ڈیولپمنٹ کارپوریشن و جیا ڈوگرہ نے ضلع جموں میں قائم خواتین کے خود روز گار یونٹوں کا معائینہ کیا۔ڈوگرہ نے مستحقین سے بات چیت کے دوران یونٹوں میں روزگار سے متعلق تفصیلات سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے یونٹوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکومت کی طرف سے فراہم کئے جارہے رقومات کا صحیح مصرف کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوںنے مستحقین کو اپنی سرگرمیاں بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کارپوریشن اُنہیں مارکیٹنگ و دیگر سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔
ٹنگمرگ وفد چیف انجینئر بجلی سے ملاقی، بجلی سپلائی بہتر بنانے کی اپیل
سرینگر//علاقہ ٹنگمرگ میں بجلی کی ابتر صورتحال کے تناطر میں جمعرات کو ٹنگمرگ ڈیولپمنٹ کمیٹی کا ایک وفد نظیر احمد قادری کی سربراہی میں چیف انجینئر بجلی سے ملاقی ہوا۔ وفد نے چیف انجینئر کوبتایا کہ کنزر، دھوبی ون اور احمد پورہ میں اور لوڈنگ کی وجہ سے بجلی کی سپلائی مقررہ شیڈول کے مطابق فراہم نہیں ہورہی ہے ۔ وفد نے ایک میمورینڈم کے ذریعے انہیں باور کیا کہ جب تک کنزر، دھوبی ون کے رسیونگ سٹیشنوں کی اپگریڈیشن نہیں ہوگی تب تک علاقے میں اسی صورتحال کا سامنا ہوگا۔
شمس الحق ایک پختہ اسلامی مفکر تھے، فریڈم پارٹی اورپیپلز لیگ کا برسی پر خراج
سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی اور پیپلز لیگ نے اسلامی مفکر اور حزب المجاہدین کے سابق امیر شمس الحق کی 25ویںبرسی کے موقعہ پر اُنہیں خراج عقیدت پیش کیاہے۔فریڈم پارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شمس الحق فکری اور نظریاتی طور پر ایک پختہ اسلامی مفکر تھے۔بیان میں کہا گیا کہ تحریک آزادی کو پروان چڑھانے میں جن اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد نے اپنا لہو پیش کیا اُن میں تین مضامین کے اندر ماسٹرس کی ڈگری رکھنے والے شمس الحق کا نام سر فہرست ہے۔ شمس الحق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اُن کے مشن کی آبیاری کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔اس دوران پیپلز لیگ کے چیئرمین غلام محمد خان سوپوری نے شمس الحق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنے ان سپوتوں کو کسی بھی طور فراموش نہیں کرتی ہیں۔
مصرہ بانو کی قربانی ناقابل فراموش: زمرودہ حبیب
سرینگر//کشمیر تحریک خواتین کی سربراہ زمردہ حبیب نے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کے تسلسل اور بلا جواز گرفتاریوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے جواں سالہ خاتون مصرہ بانو کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنظیم کے ایک وفد نے ہندواڑہ جا کر مصرہ بانوکے لو احقین اور مصرہ بانو کی والدہ زرینہ بیگم کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ زمردہ حبیب نے اپنے بیان میں کہا کہ نہتے عام شہریوں کو دانستہ طور ٹارگٹ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی عظیم قربانیاں ہرگز فراموش نہیں کی جائیں گی۔اس دوران تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار نے مصرہ بانو کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
کولگام میں ڈیزاسٹر ریسکو سینٹروں کا افتتاح
کولگام//ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام طلعت پرویز نے کسی بھی امکانی صورتحال اور آفات سماوی سے نمٹنے کے لئے تین ڈیزاسٹر ریسکو سینٹروں کا افتتاح کیا۔ان میں چلڈرن ہوم منزگام ،نور آباد میںایچ ایس ایس ڈی کے مرگ اور دیو سر تحصیل ضلع کولگام کا والٹینگو کنڈ شامل ہے۔اس موقعہ پر اے ڈی سی کولگام،تحصیلدار ڈی ایچ پورہ اور دیگر آفیسران بھی ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ترقیاتی کمشنر نے ریسکو سینٹروں میں دستیاب سہولیات کے علاوہ لازمی اشیأ کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے ریسکو سینٹروںمیں بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے آفیسران کو موقعہ پر ہی ہدایت دیں۔
سوچھ بھارت مشن شوپیان میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا
شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان محمد اعجاز اسد نے افسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران ضلع میں سوچھ بھارت مشن کی پیش رفت کاجائز ہ لیا۔میٹنگ میں چیف پلاننگ آفیسر،ایگزیکٹیو انجینئر(آر ای ڈبلیو) ،ضلع پنچایت آفیسر اور تمام بلاک ڈیولپمنٹ آفیسران کے علاوہ ولیج لیول ورکروں اوردیگر آفیسران نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر آفیسران نے ترقیاتی کمشنر کو ایس بی ایم کے تحت محکمے کی سرگرمیوں اورپیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔
شوپیان کے کسان زرعی یونیورسٹی روانہ
شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان محمد اعجاز اسد اورمحکمہ باغبانی کے آفیسران نے آج ضلع کے 55میوہ اگانے والوں کو شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کے دورے کے لئے روانہ کیا جہاں وہ سرگرمیوں کے بارے میں جدید تربیت حاصل کریں گے۔ایم آئی ڈی ایچ 2017-18ء سکیم کے تحت ضلع سے تعلق رکھنے والے اُن میوہ اگانے والوں کو میوہ پیداوار کے لئے جدید تیکنیکی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ترقیاتی کمشنر نے ضلع کے اُن کسانوں کی سراہنا کی جنہوںنے رواں موسم کے دوران سیب کی پیداوار میں اضافہ کرنے کی یقین دہانی دی۔
جمعیت کے متحرک رکن کا انتقال
جمعیت اہلحدیث کا خراج عقیدت
سرینگر //جمعیت اہلحدیث کے ایک فعال اور متحرک رکن الحاج عبدالعزیز ڈارساکن سنگم عیدگاہ کل صبح انتقال کر گئے ان کے انتقال کی خبر سنتے ہی وابستگان تنظیم کی اعلی قیادت اور کارکن سنگم عید گاہ پہنچے اورصدر جمعیت کی پیشواء میں ان کی نماز جنازہ ادا کی۔ جمعیت کے ناظم اعلی ڈاکٹر عبد الطیف الکندی اور مفتی اعظم مولانا محمد یعقوب المدنی بھی جنازہ میں شامل رہے۔عبدالعزیز ڈار مدت مدید سے جمعیت کی مرکزی شوری کے رکن رہے اور آج بھی انہیں یہ رکنیت حاصل تھی ۔جمعیت نے اپنے بیان میں مرحوم کی خدمات جلیلہ کو عقیدت کا خراج پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء ہو۔
نیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے نیشنل کانفرنس کے دیرینہ رکن اور محلہ صدر لکھری پورہ خواجہ محمد شفیع وانی کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ۔ پارٹی لیڈر تنویر صادق اورپارٹی کے بزرگ رکن حاجی غلام مصطفیٰ شاہ نوشہری نے بھی غمزدہ خاندان کیساتھ تعزیت کی۔