گیلانی کاجسٹس شریف کے انتقال پراظہار افسوس
سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے ریٹائرڈ جسٹس شریف الدین ملک ساکن سوپور کے انتقال پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین کے اپنی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم مقتدر شخصیت کے مالک تھے اور انہیں ہم اپنے والد کی نسبت سے جانتے تھے ۔اپنے ماموں مرحوم غلام رسول میر جو جماعت اسلامی کے صف اول اراکین میں شامل تھے، کے حوالے سے بھی ملنے کے اکثر مواقع نصیب ہوئے ہیں اور ان کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات تھے۔ گیلانی نے کہا کہ’ میں دل کی گہرائیوں کے ساتھ بارگاہِ رب العزت میں دُعا گو ہوں کہ انہیں مغفرت اور جنت الفردوس میں جگہ نصیب کرے اور جملہ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق نصیب کرے‘۔ ادھر محاذ آزادی کے ایک دھڑے کے نائب صدر قطب عالم نے ملک شریف الدین کے انتقال پر گھرجاکر اہل خانہ سے تعزیت کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا اورمرحوم کی جنت نشینی کی دعاکی۔
میرواعظ کااوم صراف کی وفات پراظہارتعزیت
سرینگر// حریت (ع)چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے سرکردہ صحافی اوم صراف کے فوت ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہ مرحوم کی صحافت اور ادب کے تئیں گراں قدر خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ میرواعظ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ آنجہانی صراف نے اپنی پوری زندگی صحافت جیسے مقدس پیشے کو نئی بلندیوں میں لے جانے میں صرف کی۔ میرواعظ کی ہدایت پر سرکردہ حریت رہنما میرغلام رسول کی قیادت میں ایک وفد نے جموں میں صراف کے گھر جاکر ان کے فرزند پشپ صراف کے ساتھ اس سانحہ پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔
ڈاکٹر فاروق کا 2پارٹی کارکنوں کے انتقال پراظہاررنج
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے دیرینہ رکن نامدار جان (بلاک صدر) کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے سوگوران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے زندگی کے آخری دم تک پارٹی کی خدمت اور پارٹی قیادت کے ساتھ وفا کی اور ہمیشہ لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتے رہے۔ دریں اثناء دونوں لیڈران نے صدرِ حلقہ کلوسہ عبدالغنی ڈار کی وفات پر بھی گہرے صدمے کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ ادھر پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک تعزیتی اجلاس میں دونوں عہدیداروں کے حق میں مغفرت کی دعا کی گئی ۔ پارٹی کے ایک وفد نے سابق ایم ایل اے میر غلام رسول ناز کی قیادت میں مرحومین کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔
معروف شاعرالفت کشتواڑی انتقال کرگئے
سرینگر//معروف شاعر اور قلمکار غلام محمدالفت کشتواری طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔مرحوم کی شاعر کی عمر ایک سوسال سے زیادہ تھی۔اُن کا شاعر ی مجموعہ’’کلیات الفت‘‘ شائع ہوچکی ہے۔وہ پوری زندگی کشمیری زبان وادب سے وابستہ رہے ہیں ۔اکیڈمی آف آرٹ ،کلچراینڈ لنگویجز نے اُن کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے کے ساتھ اظہار ہمدردی کی ہے اور مرحو م کے ایصال ثواب کیلئے دُعا کی ہے۔
سیاسی قیدی تحریک کشمیر کے نمائندے:ظفر بٹ
سرینگر// سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے کہا ہے کہ کشمیرکے سیاسی قیدی تحریک آزادی کشمیر کے نمائندے ہیں اور انکی قربانیاں قابل تعریف ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی محبوسین کو بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی قیدی تصور کرکے سہولیات فراہم کی جائیں۔اس دوران ترجمان نے پارٹی چیئرمین کی مسلسل خانہ نظر بندی اور کورٹ بلوال جیل جموں میں نظر بند پارٹی لیڈر جموں ہلال بیگ کو گھر والوں کے ساتھ ملاقات کی اجازت نہ دینے کی مذمت کی ۔
باتر گام میں ٹائر فیکٹری قائم کرنے پر مقامی آبادی برہم
اشرف چراغ
کپوارہ//باتر گام کپوارہ میں ٹائر فیکٹری قائم کرنے پر مقامی لوگو ں نے احتجاج کرتے ہوئے یہ فیکٹری فوری طور بند کرنے مطالبہ کیا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق اس سے ماحول پر منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے ۔ ایک مقامی شہری نے کپوارہ کرالہ پورہ سڑک پر بستی کے بیچ ایک ٹائر فیکٹری قائم کی ہے جس سے ماحول پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں کیونکہ اس فیکٹری سے اٹھنے ولا دھو اں انسانی جانو ں کے لئے خطرہ بنے گا ۔مقامی لوگو ں نے بتا یا کہ جہا ں اس فیکٹری کو قائم کیا گیا وہا ںسرکاری سکول بھی قائم ہے جس کی وجہ سے بچو ں کی صحت بھی خراب ہونے کا خد شہ ہے۔لوگو ں نے بتایا کہ نہ اس فیکٹری کو کھولنے کے لئے کسی کی اجازت حاصل ہے نہ ہی لوگو ں کا تعاون حاصل ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے مداخلت کی فوری اپیل کی ہے۔
بانڈ ی پورہ میں 30نومبر کو روزگارمیلہ منعقد ہوگا
بانڈی پورہ//اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر بانڈی پورہ کے مطابق ایس کے اسٹیڈیم بانڈی پورہ میں 30نومبر کو ایک روزگار میلہ منعقد ہوگا جس دوران مختلف پرائیوٹ اورپبلک سیکٹر ادارے بشمول اڑان سکیموں کے تحت کارپوریٹس اوردیگر متعلقہ محکمے اس میلے میں شرکت کررہے ہیںجس میںروزگار حاصل کرنے والے نوجوانوں کو موقعہ پر ہی تربیت دی جائے گی اور روزگار سکیموں سے جوڑا جائے گا۔ضلع بانڈی پورہ کے تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو اس میلے میں ناموں کا اندراج کرنے کے علاوہ اس میں شرکت کرنے کیلئے کہا گیا ہے تاکہ اُن کے لئے روزگار کے وسائل دستیاب ہوسکیں۔روزگارمیلے کا انعقاد قومی کیرئر پروجیکٹ کے تحت کیا جارہا ہے۔دریںاثنأ ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ نے ایک میٹنگ کے دوران روزگار میلے کاانعقاد کیلئے انتظامات کاجائزہ لیا۔
بانہال میں شہری ریچھ کے حملے میں زخمی
سرینگر//بانہال کے ایک گائوں میں اُس وقت خوف و دہشت کی لہر پھیل گئی جب ایک خونخوار ریچھ نے ایک سرکاری ملازم پر حملہ کرکے اُسے بری طرح سے زخمی کردیا۔ پیر کی صبح ایک خونخوار ریچھ نے قصبہ کے مضافاتی گائوں درشی پورہ میں غلام نبی میر نامی شہری پر اچانک حملہ کردیا۔غلام نبی محمد صحت عامہ میں ملازم ہے اور واقعہ کے وقت معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی پر جارہا تھا کہ جھاڑیوں کے پیچھے سے ریچھ نمودار ہوا۔اگر چہ غلام نبی نے مزاحمت کرنے کی کوشش کی تاہم وہ اپنے آپ کوریچھ کے مضبوط پنجوں سے بچا نہیں سکا ۔اس کے شور مچاتے ہی دیگر افراد جائے موقع پر پہنچ گئے اور مذکورہ ملازم کو خون میں لت پت حالت میں ریچھ کے چنگل سے چھڑالیا۔اسے فوری طور پر بانہال اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ لوگوں کو دیکھتے ہی ریچھ جائے واردات سے فرار ہو کر گھنے جنگلات کی طرف چلا گیا۔مقامی لوگوں نے واقعہ کے بارے میںمحکمہ وائلڈ لائف کو مطلع کرتے ہوئے مانگ کی کہ جنگلی جانوروں سے ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
دنیشور شرما کا مشن کشمیر ایک فضول مشق
مسلم لیگ/پیپلز لیگ
سرینگر//مسلم لیگ نے دنیشور شرما کے مشن کشمیر کو وقت کا زیاں اور فضول مشق سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ دراصل دلی مذاکرات کا سہارالے کر اقوام عالم کو گمراہ کرنا چاہتی ہے کیونکہ 2016 کی عوامی ایجی ٹیشن کے بعد جس طرح کے حالات کا ہندوستان کو بین الاقوامی سطح پہ سامنا کرنا پڑا ،اُس نے دلی کو اپنے موقف میں لچک لانے پر مجبور کردیا یہی وجہ ہے ۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا کہ پوری دنیا اس بات سے متفق ہے کہ ہر کوئی تنازعہ مذاکرات کی میز پر حل ہوتا ہے لیکن اس کے لئے شرطِ اول یہ ہے کہ دونوں فریق خلوص دل اورخلوص نیت کے ساتھ تنازعہ حل کرنے میں مخلص ہوں اور دوم شرط یہ ہے کہ بات چیت کی فضا کو پنپنے کے لئے ایسا ماحول فراہم کیا جائے جس سے یہ نتیجہ خیز ثابت ہوسکے ،اسی لئے مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لئے پہلے زمینی سطح پر آغاز کر کے فریقین کے قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی جاتی ہے،جانوں ، مالوں اور عزتوں کو تحفظ فراہم کیا جاتا ہے تب کہیں مذاکرات کے دوسرے دور کا آغاز ہوتا ہے۔ سجاد ایوبی نے کہا کہ چونکہ دنیشور شرما کے آتے ہی کشمیریوں کی مصیبتوں میں ازالہ ہونے کے بجائے اضافہ ہوگیا اور قیدیوں کی تعداد بڑھنے کے ساتھ ساتھ آپریشن آل آوٹ کے ذریعے لوگوںکی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا گیاوہیں حریت پسندوں کی سیاسی مکانیت کو مسدود کیا گیا۔اس دوران پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کے چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد طوطانے کہا ہے کہ جب بھی حکومت ہندوستان کو بین الاقوامی دباو سے دو چار ہونا پڑا ہے تو مذاکرات کاروں کے نام پر بین الاقوامی برادری کو گمراہ کیا جاتا رہا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت ہندکوچاہئے کہ جموںو کشمیرکے لوگوںکے جذبات کی قدر کرتے ہوئے انہیں حق خودارادیت کا موقع دینا چاہئے کیونکہ مذاکرات کاروںکی تعیناتی یا مراعاتوں سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکتا ہے۔
پیلٹ فائرنگ کے دوران زخمی کئے گئے نوجوان سے اظہار یکجہتی
سرینگر// فریڈم پارٹی اور تحریک استقلال نے پیلٹ فائرنگ کے دوران نوا کدل سرینگر کے 16سالہ طالب علم زاہد احمد کے فورسز کے ہاتھوںزخمی کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔فریڈم پارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وردی پوش اہلکاروں کو اس حد تک چھوٹ دے دی گئی ہے کہ ’وہ جب چاہیں ہمارے کمسن لڑکوں کو نشانہ بناتے ہیں‘ ۔بیان کے مطابق زاہد جیسے نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنانا اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ بھارت اور مقامی حکمران کشمیریوں سے اُن سے انتقام لے رہے ہیں۔پارٹی نے زاہد احمد کے بے رحمی کے ساتھ زخمی کئے جانے کو انتہائی سفاکی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال باعث تشویش ہے اور بشری حقوق کے اداروں کیلئے چشم کشا ہے۔پارٹی نے زخمی زاہد کی فوری صحتیابی کیلئے دعا کی۔اس دوران تحریک استقلال کے چیئرمین غلام بنی وسیم نے معصوم طالب علم زاہد احمد کوپیلٹ فائرنگ کے دوران زخمی کرنے پرفورسز کی کارروائی کی مذمت کی۔
پیرزادہ ہدایت اللہ ای ای جی اے کاجنرل سیکریٹری منتخب
سرینگر //پیرزادہ ہدایت اللہ کو جموں و کشمیر الیکٹریکل انجینئرنگ گریجویٹس ایسوسی ایشن(جے کے ای ای جی ائے) کا جنرل سیکریٹر ی منتخب کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں انتخابات کا انعقاد 25نومبر کو پی ڈی ڈی کمپلیکس بمنہ میں ہوا جس میں پیزادہ ہدایت اللہ کو 268وٹوں سے اپنے مد مقابل انجینئر شوکت حسین نے 346ووٹوں میں سے 78ووٹ حاصل کئے۔ اس موقع پر ایل ڈی ایم ٹی کے ایگزیکیٹو انجینئر ہلال احمد شیخ نے پرزائڈنگ آفسر کے فرائض انجام دیتے ہوئے نتائج کا اعلان کیا۔
پٹن میں 18کلو گرام فکی ضبط ،ملزم گرفتار
بارہمولہ//فیاض بخاری//بارہمولہ پولیس نے منشیات مخالف مہم جاری رکھتے ہوئے پٹن میں ایک شخص کو گرفتار کرکے اُس کی تحویل سے 18کلو گرام فکی ضبط کرکے مذکورہ شخص کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ایس ایس پی بارہمولہ امتیازحسین کے مطابق پٹن پولیس کی ایک ٹیم نے سوموار کو ایس ڈی پی او اور ایس ایچ اور پٹن کی قیادت میں ٹی سی پی حیدربیگ کے مقام پر ایک گاڑی سے تلاشی کے دوران عبدالحمید بٹ ساکن اندرگام پٹن سے 18کلو گرام فکی ضبط کرکے مذکورہ ملزم کو گرفتار کیا ۔ادھر پولیس نے مزید بتایا کہ انہوں نے پٹن سے ہی 6 قمر بازوں کی گرفتاری عمل میں لائی جن کی تحویل سے 5870 روپے نقدی ضبط کرکے اُنہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیااور ملزمان کے خلاف بھی کیس درج کیا گیا ہے۔
حریت (ع) اور فریڈم پارٹی کا
خواجہ ثنااﷲ اور صوفی غلام محمدکو خراج عقیدت
سرینگر//حریت (ع)کے محبوس چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے روزنامہ آفتاب کے بانی خواجہ ثناء اﷲ بٹ اور سرینگر ٹائمز کے بانی مدیراعلیٰ صوفی غلام محمد کو انکی برسیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت کے تئیں ان دونوں صحافیوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔ میرواعظ نے کہا کہ خواجہ ثنااﷲ بٹ اور صوفی غلام محمد دیانتدانہ صحافت کی زندہ مثال ہے اور انہوں نے اپنی پوری زندگی صحافت جیسے مقدس پیشے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں صرف کی۔میرواعظ نے کہا کہ لوگوں کے سیاسی و سماجی مسائل کے حل کیلئے دونوں صحافی جس طرح سے اپنے قلم سے تر جمانی کرنے میں پیش پیش رہے، اس سے ان کی ادبی صلاحیتوں اور عام لوگوں سے رابطہ ہونے کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔اس دوران فریڈم پارٹی نے خواجہ ثنا اللہ بٹ اور صوفی غلام محمد کو اُن کی برسیوں کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔پارٹی بیان کے مطابق مرحومین نے صحافتی شعبے میں اس قدر گراں قدر خدمات انجام دی ہیں جنہیں آسانی کے بھلانا ممکن نہیں ہے۔