کشتواڑ کے مجوزہ پروجیکٹوں کی تعمیر
مقامی بیروزگار نوجوانوںکا نوکریوں میں ترجیح دینے کا مطالبہ
نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ// ضلع کے بیروزگار نوجوانوں نے پائور پروجیکٹوں کی تعمیر کا معاملہ فوری طور حل کرنے کا مطالبہ کیاہے۔مقامی ہنر مند اور غیر ہنر مند بیروز گار نوجوانوں نے ضلع کے پائور پروجیکٹ جیسے کہ ریٹل پائور پروجیک،پکل ڈول ، اور کیرو کواڑ پروجیکٹ پر فوری طور تعمیر کرنے کا کام شروع کرانے کی خواہش کا اظہار کیا ، جس سے 2000 میگاواٹ بجلی پیدا ہونے کا تخمینہ ہے۔ان بیروز گار نوجوانوں نے کہا کہ ضلع میں پائور پروجیکٹوں کے لئے کافی مواقعے ہونے کے باوجود کشتواڑ میں بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔حالانکہ مرکزی سرکار نے ریاستی سرکار کو ان پروجیکٹوں کی تعمیر کے لئے پہلے ہی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ چناب ویلی پائور پروجیکٹ پکل ڈول پروجیکٹ کے زیر اہتمام ہے جسکے لئے انجینئروں و دیگر مختلف کٹیگریوں کی اسامیوں کے لئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔لیکن ان تعیناتیوں کے لئے شرط رکھی گئی ہے کہ جن اُمیدواروں نے 60فیصد سے زائد نمبرات حاصل کئے ہوں وہی ان اسامیوں کی درخواست گذاری کے لئے موزوں ہیں اور30سال سے زائد عمر کے نوجوانوں کو ان اسامیوں کے لئے غیر موزوں قرار دیا گیا ہے،جس کی کوئی جوازیت نہیں ہے۔انہوں نے ان تمام اسامیوں کا اشتہار جے کے ایس بی بی آر بی کے طرز پر کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جس میں مقامی نوجوانوں کو ترجیح دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ان بیروزگاروں نے کہا کہ کشتواڑ میں ہزاروں کی تعداد میں بی ٹیک اور پالی ٹیکنیک کوالیفائڈ اُمیدوار بیروزگار بیٹھے ہوئے ہیں،جنھوں نے یہ اسٹریم کشتواڑ میں بجلی پروجیکٹوں کی تعمیر کے مد نظر لئے ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ کے دورہ کشتواڑ سے قبل ضلع میں تعمیر ہورہے پائور پروجیکٹوں کا معاملہ فوری ظور حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے،تاکہ کشتواڑ کے بیروز گار نوجوانوں کو روزگار حاصل ہو۔
ٹریفک بیداری کیمپ کا اہتمام
ڈوڈہ //ڈوڈہ پولیس نے عام لوگوں، ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کو ٹریفک/روڈ سیفٹی اقدام سے باخبر بنانے کی کاوشوں کا جاری رکھتے ہوئے اے ایس پی ہیڈکوارٹرز ڈوڈہ ونے کمار کلر نے انچارج پولیس پوسٹ پُل ڈوڈہ ایس آئی بوپیش کمار کے ہمراہ قومی شاہراہ پُل ڈوڈہ پر مسافروں،ڈرائیوروںاور کنڈکٹروں سے تبادلہ خیال کیا ،تاکہ انہیں مسافروں کی سیکورٹی اور ذمہ واریوں سے واقف کیا جا سکے۔اس مہم کا اہتمام زیر نگرانی ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کیا گیا تھا۔مسافروں سے خطاب کرتے ہوئے اے ایس پی ہیڈ کوارٹرز ونے کمار نے مسافروں پر ڈرائیورں کو تیز رفتاری اور غفلت شعاری سے گاڑی چلانے سے روکنے پر زور دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دوران سفر وہ ڈرائیورں پر شراب کے نشہ سے چوکنا رہیں۔انہوں نے فرنٹ کیبن پر بیٹھنے والے مسافروں سے کہا کہ اگر ڈرائیور کو نیند آرہی ہے تو وہیکل کو روکا دیں۔ونے کمار نو مسافروں کو اپنی ذمہ واریاں نبھانے کی تلقین کی تاکہ سڑک حادثات کو روکا جا سکے۔اس موقعہ پر ٹریفک قوانین پر مشتمل پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔انہوں نے دو پہیہ ڈرائیورں سے ہیلمٹ پہننے اور چور پہیہ وہیکل ڈرائیورں سے ہمیشہ سیٹ بیلٹ پہننے کی تلقین کی۔اس موقعہ پر ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کرنے والی 10وہیکلز کا چلان کیا گیا
چسانہ میں بزرگ خاتون کی نعش برآمد
مہور/زاہد ملک/مہور پولیس نے آج ایک 85سالہ عورت کی نعش باگو موڑہ چسانہ سے برآمد کی۔متوفی کی شناخت جانو بیگم زوجہ غلام حسین ساکنہ چانہ عمر 85 سال کے طور پر ہوئی۔پولیس کے مطابق اس کی گمشدہ رپورٹ کچھ روز قبل پولیس اسٹیشن چسانہ میں پڑی تھی تاہم اس کے بعد پولیس نے ایس ڈی پی او مہور مجیب رحمان کی نگرانی اور ایس ایچ او چسانہ علی عمران کی موجودگی میں تلاش شروع کی تاہم متوفی کی نعش سونگڑی سے 4کلومیٹر کی دوری دریا کے کنارے باگوموڑہ سے برآمد ہوئی۔پولیس نے قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد نعش کو آخری رسومات کیلئے لواحقین کے سپرد کر دیا۔
آگ واردات میں ہوئے نقصان پر اظہارتاسف
کشتواڑ//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نائب صدر و ایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی نے نے اُڈیل ،چھاتروگگریمال ،ککرواگان اور حوال چھاترو میں آگ کی واردات میں ہوئے نقصان پر دکھ کا اطہار کیا ۔واضح رہے آگت کی اس واردات میں مختلف مقامات پر تین مکان اور گھاس جل کر رکھ ہو گئے ۔اورانتظامیہ سے کہا ہے کہ متاثرہ کنبوں کو رلیف اور دیگر سہولیات فوری دستیاب کی جائیں اور انھیں مفت راشن ،ٹین اور کمبل فراہم کئے جائیں ۔سروڑی نے مزید کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ وادی چناب میں تحصیل سطح پر فائر ایندڈ ایمرجنسی اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں چھاترو،ٹھاٹھری،کیشوان، مغلمیدان، بونجوا،واڑون، مڑواہ، دچھن، پاڈر،ناگسینی،درابشالہ،بھلیسہ اور ضلع کے دیگر مقامات نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور حکومت پر سوالیہ عائد کیا ہے کیونکہ ان علاقہ جات میں آگ کی واردات رونما ہوتی رہتی ہیں۔ کانگریس لیڈران مشتاق احمد ہپ،شارق احمد سروڑی،حافظ علی محمد،بدیا لال شرما،ارشاد احمد،محمد متین ملنے اڈیل چھاترو،گگریمال کاکروگان اور حوال چھاترو پہنچے جنہوں نے آگ واردات میں ہوئے نقصان کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر کانگریس لیڈران نے متاثرین کے دکھ میں شمولیت کرتے ہوئے انھیں ہر ممکن مدد کی یقین دھانی کروائی ۔
جے اینڈ کے ویلفیئر اینڈپیس کمیٹی کا اجلاس منعقد
ڈوڈہ//جے اینڈ کے ویلفیئر اینڈپیس کمیٹی کا ایک ہنگامی اجلاس ڈاک بنگلہ کھلینی زیر صدارت چیئرمین سوسائٹی ویلفیئر اینڈ پیش منعقد ہوا۔جس میں عہدیداران،ممبران کے علاوہ دیگر معزز شخصیات نے حصہ لیا۔جس میں مہمان خصوصی سپرنٹنڈنٹ پبلک ہیلتھ و ایریگیشن موجود رہے اور بسلسلہ پانی عوام کے مسائل سنے اور اپنے ملازمین کو موقعہ پر ہی مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے احکامات دیئے جس سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔چیئرمین فقیرچند ارمان نے اپنے عہدیداران، ممبران کو غریب مفلس،بے سہارا بیواوں ،یتیموں،ضعیف العمر افرادکی بہتری کیلئے کام کرنے کو کہا۔سٹیٹ یا سنٹرل گورنمنٹ سے جتنی بھی امدادی سکیمیں ہیں کے ذریعہ لوگوں کو واقف کرایا جائے اورتحت ضابطہ فارم بھر کر متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کیساتھ تعاون دینے کی اپیل کریں۔ارمان نے کہا کہ ہم آئندہ بھی ضلع کے مختلف محکمہ جات کے آفیسران کو دعوت دیتے رہیںگے تاکہ موقعہ پر ہی لوگوں کے مسائل حل ہو سکیں اور لوگوں بھٹکنا نہ پڑے۔انہوں نے محکمہ مال اور دیہات سد ھار کے متعلقہ آفیسر اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ سوسائٹی کو تعاون دیں اور عوام کے امور کا ازالہ کریں۔میٹنگ میں جگدیو سنگھ،راجندر سنگھ،راجکمار شرما، اصغر علی،محمد اقبال،وپن کمار،سیوارام،امت لعل،غلام علی،سیوا سنگھ،اتم سنگھ وغیرہ موجود تھے۔
موٹر سائیکل شو روم کا افتتاح
رفیع چوہدری
گندو// خط چناب میں اپنی نوعیت کاپہلا موٹر سائیکل شو روم قائم کیا گیا ہے ۔ضلع صدر مقام ڈوڈہ میںرائل بلٹ موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی کے اس شو روم کا افتتاح ایم ایل اے بھدوارہ دلیپ سنگھ پریہار نے کیا اس دوارن ایس ایس پی ڈوڈہ چوہدری شبیر احمد ،ایس پی ہیڈ کوٹر ونے کمار،ایس پی ایس ٹی ایف،ایس ڈی پی او ڈوڈہ ایس ڈی پی او گندو ایس ایچ او ٹھاٹھری بھی موجود تھے۔ممبر اسمبلی موصوف نے اس موقعہ پر کہا کہ اس شو روم سے موٹر سائیکل شائقین کو فائدہ ملے گا اور ساتھ میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھی روز گار میسر ہوگا ،نیز اس سے پورے ضلع میں جن لوگوں کے پاس اس قسم کے موٹر سائیکل ہیں اُن کو بھی یہاں سروس ملے گی۔
ڈی سی کشتواڑکی آرمڈ فورسز فلیگ ڈے کیلئے عطیہ دینے کی اپیل
نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے 7دسمبر آرمڈ فورسز فلیگ ڈے کیلئے فراخدلانہ عطیہ دینے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ اس دن پر جمع کئے گئے فنڈز کا استعمال فقط آرمڈ فورسز اہلکاروںؓ کی بہبودی کے لئے کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آرمڈ فورسز فلیگ ڈے منانا اور فلیگ کی تقسیم کاری کے ساتھ فنڈز اکٹھا کرنا ایک نیک کام اور فورسز کی کاروئیوں کا اعتراف کرنے کی ایک موقعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فلیگ ڈی کی اہمیت کافی ہے کیونکہ یہ ہر ایک شہری کی ذمہ واری ہے کہ وہ فوجی اہلکاروں اور انکے اہل خانہ کی دیکھ بال کے لئے کام کرے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک عام بات ہے کہ ہر ایک سپاہی جو کہ فورسز میں جوائن کرتا ہے انہیں بے لوث خدمات کا پکا ارادہ ہوتا ہے۔ڈی سی نے لٹل اینجل ہائی سکول کشتواڑ کی جانب سے قومی فلیگ ڈے کے سلسلہ میں آٹھائے گئے اقدام اور عطیہ جمع کرنے کی سراہنا کی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سکول کے طلاب نے ضلع انتظامیہ ، کشتواڑ پولیس اور میڈیا اہلکاروں میں فلیگ تقسیم کرکے عطیہ جمع کیا ۔.
گندو میں طبی و ناخیزی کیمپ کا انعقاد
نمائندہ عظمیٰ
گندو//ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈٖہ کی ہدایت پر چیف میڈیکل افسر ڈوڈہ ڈاکٹر واجد علی نجار نے ضلع کے گندو بلاک کے گالی بٹھولی میں ایک طبی و ناخیزی کیمپ کا انعقاد کیا۔کیمپ میں مختلف ناخیزی کے تقریباً 26لوگوں نے رجسٹریشن کیاور تمام لوازمات پُرکرنے کے بعد اسپیشلسٹ ڈاکٹروں سے معایئنہ کیا ۔اس موقعہ پر سی ایم او نے ڈس ایبلٹی سرٹفکیٹ اجرا کیںجبکہ طبی کیمپ میں کنسلٹینٹوں نے 200سے زائد مریضوں کا چیک اپ کیا۔اس موقعہ پر اسپیشلسٹ ڈاکٹروں میں ڈاکٹر عرفان بانڈے، ڈاکٹر فاروق رونیال، ڈاکٹر ضیا شوکت، ڈاکٹر تنویر احمدشامل تھے۔ سی ایم او ڈوڈہ ڈاکٹر واجد علی نجار نے کیمپ کی اہمیت بیان کی اور کہا کہ ایسے کیمپ دور دراز علاقوں میں منعقدع کرنے سے دیہی آبادی کو طبی سہولیات گھروں کے نزدیک ہی میسر ہو جاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان یمپوں سے سامج کے غریب طبقہ کو خصوصی فائدہ ہوتاہے۔کیمپ میں گندو کے دور دراز علاقہ کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔کیمپ میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئی۔
گرڈ سٹیشن چنگاحکومت کی عدم توجہی کا شکار
رفیع چودھری
ڈوڈہ //گرڈ سٹیشن چنگا بھلیسہ کا کئی برس قبل سابقہ وزیرمحمد شریف نیازنے اپنی پاور منسٹری میں منظور کیا اور کانگریس حکومت میں ہی اس کی تعمیر کا کام مکمل ہوا ۔ اس گریڈ سٹیشن کیلئے 132kv ٹھا ٹھری ۔چنگا ۔ ٹرانسمیشن لائین کام بھی2014 تک تقریبا ساٹھ فیصد مکمل ہو چکا تھا لیکن موجودہ سرکار کی عدم توجہی سے ٹرانسمیشن لائین کا بقیہ چالیس فیصد کام مکمل نہیں ہو سکا ہے اور یہ لائین جوں کی توں ہے، جس کی وجہ سے تعمیر شدہ گریڈ سٹیشن بے کار زنگ آلود ہو رہا ہے اور نہ ہی موجودہ ایم ایل اے اس کی طرف کوئی توجہ دی جا رہی ہے ، گذشتہ تین سال میں چالیس فیصد کام مکمل نہ کیا گیا، جو کہ باعث تشویش ہے۔لہذا حکومت وقت سے مودبانہ اور پر زور اپیل کی جاتی ہے کہ ٹرانسمیشن لائین کے بقیہ ادھورے کام کو فوری طور مکمل کر کے چنگا گریڈ سٹیشن کو چالو کیا جائے جس سے بھلیسہ کو ناقص بجلی نظام سے چھٹکارا ملے سکے کیوں کہ اس وقت بھلیسہ کی عوام بجلی کی آنکھ مچولی سے سخت پریشان ہے بھلیسہ کو اتنی بجلی کی سپلائی نہیں ملتی ہے جتنا بجلی کرایہ وصول کیا جاتا ہے۔لہذا اگر فوری طور ٹرانسمیشن لائین کا کام شروع نہ کیا گیا تو پھر بھلیسہ کی عوام موجودہ حکومت کے خلاف زبردست ایجی ٹیشن اٹھانے پر مجبور ہوگی اور سرکار کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے شروع ہوں گے۔
اپنی فوج کو جانو میلہ منعقد
کشتواڑ//فوج کی جانب سے ضلع کشتواڑ کے نوجوانوں کو فوج میں اپنا کئیرئر شروع کرنے کے لئے شیرگواڑی میں ’’ اپنی فوج کو جانو‘‘کا ایک میلہ منعقد کیا۔ اس میلے میں مقامی نوجوانون کو انڈین آرمی میں مختلف قسم کے اینٹرئیز کے ذریعہ سے بھرتی ہونے کی جانکاری دی گئی۔اس موقعہ پر ملٹری ایکوپمنٹس و ہتھیاروں کی نمائش بھی کی گئی، جس سے فوج کی تکنیکی پیش رفت اور طاقت کا مظاہرہ کیا گیا ۔یہ مہم فوج کی جانب سے نوجوانوں کو فوج کے متعلق جانکاری دینے اور انہیں اپنا کئیر ئیر فوج میں شروع کرنے سے واقف کرنا تھا ۔کیمپ کا مقصد مقامی نوجوانوں اور فوج کے درمیان قریبی رابطہ بھی بنانا تھا
پدیارنہ مدرسہ کے ساتھ فوجی افسران کا اجلاس
کشتواڑ//آپسی رواداری کے جذبہ کو وسعت دینے کے مقصد سے انڈین آرمی نے ضلع کشتواڑ کے پدیارنہ میں مدرسوں میں جانے والے بچوں سے تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک میٹنگ کا اہتمام کیا تاکہ خطہ میں امن و خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔کثرت میں وحدت ہمارے ملک کی ایک خصوصیت ہے جس سے تمام مذاہب کے لوگ آپس میں انسانیت کے ساتھ جُڑے ہیں۔اس ایونٹ سے مدرسہ جانے والے بچوں کا انڈین آرمی کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے اور اپنا تجربہ اور موجودہ مدرسوں کا منظر پیش کرنیکا ایک موقعہ فراہم ہوا ۔ایونیٹ میں کل ملاکر 71بچوں نے شرکت کی۔ایوینٹ کے دوران بچوں میں اسٹیشنری اور کتابیں بھی تقسیم کی گئی۔مقامی لوگوں ، کیمونٹی لیڈروں اور مدرسہ کے اساتذہ نے اس پہل کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے ایوینٹ منعقد کرنے سے خطہ میں خیر سگالی جذبہ کو فروغ حاصل ہوگا۔
خبر کا اثر
ضلع رام بن میں تمام ٹیچنگ سٹاف کو ڈٹیچ کرنے کی ہدایت
ایم ایم پرویز
رام بن//ضلع رام بن کے سرکاری سکولوں کے ٹیچنگ سٹاف کو ضلع کے مختلف سکولوں اور دفاتر کے ساتھ اٹیچ کرنے کے بارے میں روزنامہ کشمیر عظمیٰ میں شائع خبر کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کم سیکرٹری سکول ایجوکیشن ،ریاست جموں و کشمیر نے چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن کو ضلع کے تمام سکولوں اور دفاتر میں ا ٹیچ ٹیچنگ سٹاف کو ڈٹئیچ کرنے کی ہدایت دی ہے۔سی ای او رام بن کو اس سلسلہ میںایک حُکم کے تحت اس سلسلہ میں فوری طور کاروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔حکم میں ایسے تمام باقاعدہ ہوئے آر ای ٹی، اساتذہ اور ماسٹروںکو فوری طور اٹئیچمنٹ سے فارغ تصور کرکے سے اپنے اپنے سکولوں میں باضابطہ طور سے جوائن کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔حُکم نامہ میں ڈرائینگ و ڈسبرسنگ افسروں سے ان تمام اہلکاروں کی تنخواہ جات تب تک واگُذار نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جب تک کہ یہ اپنی اپنی ڈیوٹیاں اپنے اصل تعیناتیوں کے مقامات پر دوبارہ جوائن نہ کریں۔اسکے علاوہ ضلع کے زیڈ ای وز کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دو دنوں کے اندر اندر ایک سرٹفیکٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے کہ دفتر ہذا کے ساتھ کوئی بھی آر ای ٹی ، اساتذہ اور ماسٹر اٹییچ نہیں ہے۔ضلع کے ملازمین نے محکمہ تعلیم کے اہلکاروں کی جانب سے سرعت سے کاروائی کرنے کی سراہنا کی ہے تاہم بعض کا خیال ہے کہ ماضی میں بھی ایسے احکامات وقتاً فوقتاً جاری کئے گئے ہیں لیکن ماتحت افسروں نے ان پر عمل نہیں کیا ہے۔
ڈی سی نے موبائیل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو ہری جھنڈی دکھا ئی
نمائندہ عظمیٰ
ڈوڈہ //ضلع ترقیاتی کمشنر بھوانی رکوال نے ہیڈ کوارٹر ڈوڈہ سے موبائیل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ہے۔اس موقعہ پر اے ڈی سی محمد حنیف ملک، اے سی آر طارق حُسین نائیک ،سی پی او یوگیندر کٹوچ، اسسٹنٹ کمشنر طارق احمد، اینفورسمینٹ افسراں ، بیوپار منڈل کے نمائندے اور معزز لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ موبائیل فوڈ ٹیسٹنگ وین ایف ایس ایس اے کو موثر طریقہ سے لاگو کرنے کی جانب ایک قدم ہے اور ایم ایف ٹی وی کو ضلع میں صیح سمت میں لوگوں کی خدمت کرنے ک اایک قدم ہے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ایف ایس ایس اے آئی جموں و کشمیر کی جانب سے دور دراز علاقوںکے لوگوں کی سہولیت کے لئے یہ پہلا قدم ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس وین کو ہری جھنڈی دکھا کر ایم ایف ٹی وی کا معاینئہ کیا اور فوڈ ائیٹم جیسے کہ دودھ، مسالہ جات، تیل خوردنی وغیرہ کے تجزیہ کرنے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ ایم ایف ٹی وی سیمپلنگ پیمائش کو پورا کرے گی تاہم اگر ضرورت پڑی تو نئے ایکٹ کے تحت انھیں تجزیہ کے لئے بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایم ایف ٹی وی کے ذریعہ سے صارفین کو فوڈ سیفٹی کی جانکاری دی جا سکے گی ۔